پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں کے درمیان تصادم ‘ الیکٹریکل ڈیپارٹمنٹ کو آگ لگا دی گئی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 22 جنوری 2018 11:25

پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں کے درمیان تصادم ‘ الیکٹریکل ڈیپارٹمنٹ ..
 لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 جنوری۔2018ء) پنجاب یونیورسٹی میں پختون بلوچ طلبہ یونین اور اسلامی جمعیت طلبہ کے درمیان تصادم کے بعد مشتعل طلبہ نے الیکٹریکل ڈیپارٹمنٹ میں توڑ پھوڑ کر کے آگ لگا دی ہے۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں پنجاب یونیورسٹی کے انجینئرنگ گراﺅنڈ میں آج اسلامی جمعیت طلبہ کا پائینیر فیسٹیول ہونا تھا جس پر پختون بلوچ طلبہ یونین نے دھاوا بول دیا۔

پختون بلوچ طلبہ یونین نے کالج آف الیکٹریکل انجینئرنگ پر حملہ کرکے ایک کمرے کو آگ لگادی۔ مشتعل طلبہ نے ڈیپارٹمنٹ کے باہر کھڑی کئی گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے اور 5 موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچایا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں تنظیموں کے مشتعل طلبا کو منتشر کردیا جبکہ اب بھی یونیورسٹی میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور حالات کشیدہ ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا سمیت کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو پنجاب یونیورسٹی میں داخلے سے روک دیا گیا ہے اور الیکٹریکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ میں کلاسز کو منسوخ کردیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب ہوسٹل نمبر 1 کے باہر بھی دونوں تنظیموں کے اراکین کے مابین جھگڑا ہوا تھا اور پولیس کے پہنچنے پر دونوں طلبا تنظیموں کے اراکین فرار ہو گئے تھے۔

ترجمان پنجاب یونیورسٹی کے مطابق وائس چانسلر ڈاکٹر ذکریا ذاکر موقع پر پہنچے اور انتظامیہ نے حالات پر قابو پایا۔ ڈاکٹر ذکریا نے واقعے میں ملوث شرپسند طلبا کو فوری طور پر شناخت کرکے کارروائی کا حکم دے دیا۔ طلبہ کی جانب سے شعبے میں لگائی گئی آگ سے ایک کمرے کو جزوی نقصان پہنچا اور موقع پر موجود عملے اور فائر بریگیڈ نے فوری طور پر آگ بجھائی۔یونیورسٹی ترجمان کے مطابق انتظامیہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنائے گی اور کسی قسم کی غنڈہ گردی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وائس چانسلرڈاکٹر ذکریا ذاکر نے یونورسٹی میں ماحول کر پرامن رکھنے کے لئے اساتذہ اور انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

متعلقہ عنوان :