مقبوضہ کشمیر کے علاقے ترہگام میں مقبول بٹ کی برسی کے موقع پراحتجاجی مظاہرہ

پیر 12 فروری 2018 11:40

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2018ء) مقبوضہ کشمیر میںقابض انتظامیہ کی طرف سے سخت پابندیوں کے باوجود معروف کشمیر ی رہنما شہید محمد مقبول بٹ کی برسی کے موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد ان کے آبائی علاقے ترہگام کپواڑہ پہنچی اور شہیدرہنما کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق لوگوں نے شہید مقبول بٹ کی عمررسیدہ والدہ اور برادر ظہور احمد بٹ کوان کی رہائشگاہ پر جاکر اپنی مکمل حمایت کایقین دلایا۔

محمد مقبول بٹ کو 11فروری 1984ء کو دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں پھانسی دیکر جیل کے احاطے میں ہی دفن کیا گیاتھا۔ بھارتی فوج ، پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں نے مقبول بٹ کے گھر کی طرف جانے والے تمام راستوں کو سیل کردیا تھا اور علاقے میں کرفیو جیسی صورتحال پیدا کردی تھی۔

(جاری ہے)

صحافیوں کو بھی مقبول بٹ کے گھر پر جانے کی اجازت نہیں دی گئی اور انہیں کپواڑہ میں ہی روک کر واپس جانے کے لیے کہاگیا۔

شہید مقبول بٹ کے چھوٹے بھائی ظہور احمد نے کہاکہ بھارتی فوج لوگوں کوان کے گھر جانے سے روک رہی تھی اس کے باوجود لوگوں کی بڑی تعداد اپنے شہید رہنما کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ہمارے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ہمارے گھر پہنچی۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا اوربھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ شہید مقبول بٹ کی باقیات ان کے اہل خانہ کے حوالے کرے۔

متعلقہ عنوان :