Live Updates

لودھراں کے ضمنی انتخاب میں عمران خان رن آئوٹ ہو گا ،

شیخ رشید جمہوریت کیخلاف سازشوں میں پیش پیش ہے ،نواز شریف پارٹی لیڈر اور وہی وزیر اعظم سمیت دیگر عہدوں کا فیصلہ کریں گے، وزیر مملکت برائے توانائی چوہدری عابد شیر علی کی میڈیا سے گفتگو

پیر 12 فروری 2018 17:14

لودھراں کے ضمنی انتخاب میں عمران خان رن آئوٹ ہو گا ،
فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2018ء) وزیر مملکت برائے توانائی چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ لودھراں کے ضمنی انتخاب میں عمران خان رن آئوٹ ہو گا جبکہ شیخ رشید کرپشن بچانے کیلئے مشرف کی گود میں بیٹھا مگر آج جمہوریت کے خلاف سازشوں میں پیش پیش ہے لیکن اسے نہ صرف منہ کی کھانا پڑے گی بلکہ آئندہ انتخابات میں اسے راولپنڈی سے عبرت ناک شکست سے دوچار کیا جائے گا نیز جس طرح مسلم لیگ (ن) کے خلاف محا ذ بناتے ہوئے جے آئی ٹی کی رپورٹس پر انحصار کیا جا رہا ہے اسی طرح عذ یر بلوچ کی جے آئی ٹی رپورٹ منظر عام پر لا کر اس میں ملوث تمام سرپرستوں کو بھی نشان عبرت بنایا جائے تا کہ عوام کو بھی معلوم ہو سکے کہ عذیر بلوچ اصل میں کن کن جرائم کی وارداتو ں میں ملوث تھا، نواز شریف پارٹی لیڈر اور وہی وزیر اعظم سمیت دیگر عہدوں کا فیصلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

پیپلز کالونی نمبر 2فیصل آباد کے ایم سی گرلز پرائمری سکول میں 6کمروں پر مشتمل لاکھوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے نئے بلاک کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں انہوںنے کہا کہ لودھراں کے ضمنی انتخاب میں عمران خان نے جہانگیر ترین کے بیٹے کو ٹکٹ دے کر نہ صرف اپنے سیاسی موروثیت کے خاتمہ کے دعوئوں کی نفی کی بلکہ وہا ں اندھا دھند پیسہ لٹا کر عوا م کا ضمیر خریدنے کی کوشش کی لیکن عوام بھی اب باشعور ہو چکے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ عمران خان اپنی اے ٹی ایم سے علیحدگی کا تصور بھی نہیں کر سکتے، اس طرح نا اہل افراد کو ساتھ رکھ کر وہ کس طرح صاف ستھری جمہوریت کا دعویٰ کر سکتے ہیں،انہوںنے کہا کہ شیخ رشید آج جمہوریت کا سب سے بڑا چیمپئن بنا پھرتا ہے جس نے اپنے دور میں اپنی ریلوے سمیت دیگر وزارتوں میں بے پناہ کرپشن کی مگر بعد ازاں ڈکٹیٹر مشرف کے دور میں احتساب سے بچنے کیلئے ان کی گود میں جا بیٹھے ،انہوںنے کہا کہ شیخ رشید ہر روز حکومت ختم کرنے کے دعوے کرتے تھے لیکن انہیں شرمندگی کے سوا کچھ حاصل ہوا نہ ہو گا۔

انہوںنے کہا کہ شیخ رشید جمہوریت کا سب سے بڑا دشمن ہے جس کا آئندہ انتخابات میں راولپنڈی سے بوریا بستر گول کر دیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ آج تمام کرپٹ اکٹھے ہو کر محب وطن لیڈر کو جمہوری عمل سے باہر کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں اور ان کی جانب سے اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے لیکن انہیں آئندہ انتخابات میں نا ک آئوٹ کر دیا جائے گا اور عوام کارکردگی کی بنیاد پر ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کو بھر پور مینڈیٹ دیں گے اور آئندہ پانچ سالہ حکومت بھی مسلم لیگ ن کی ہی ہو گی،انہوںنے کہا کہ سینیٹ کے الیکشن میں زرداری اور ن لیگ کے مخالفین کی جانب سے ہارس ٹریڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے اور ارکان اسمبلی کے ضمیر خریدنے کیلئے نوٹوں کی بوریوں کے منہ کھو لے جا رہے ہیںتاکہ مسلم لیگ (ن) کا راستہ روکا جا سکے لیکن ایسا ممکن نہیں ہو گا۔

ایک سوال کے جواب میں چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف ہی ہیں اور وہ ہی پارٹی لیڈر کی حیثیت سے فیصلہ کریں گے کہ آئندہ وزیر اعظم یا وزیر اعلیٰ کون ہو گا۔انہوںنے کہا کہ حکومت عوام کو تمام تر سہولیات کی فراہمی کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے اور اس ضمن میں تمام وسائل کو بروئے کا ر لایا جا رہا ہے جس میں شعبہ تعلیم کو بھی بھر پور اہمیت دی جا رہی ہے۔

انہوںنے کہا کہ گرلز پرائمری سکول پیپلز کالونی نمبر 2میں طالبات کیلئے 6کمروں کے اضافی بلاک کی تعمیر اسی عمل کا حصہ ہے جس سے طالبات کو بہترین سہولیات دستیاب ہو سکیں گی۔انہوںنے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت کے نئے منصوبوں پر بھی بھر پور طریقے سے عملدر آمد جاری ہے جس کے جلد مفید اثرات مرتب ہوں گے۔
عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات