والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلا کر ذمہ داری نبھائیں‘خواجہ عمران نذیر

بارہ فروری سے شروع ہونے والی مہم میں19.1ملین بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے ‘صوبائی وزیر

پیر 12 فروری 2018 18:05

والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلا کر ذمہ داری نبھائیں‘خواجہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2018ء) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ حکومت پولیو کے خلاف مہم چلانے پر سالانہ دس ارب روپے سے زائد خرچ کرتی ہے اور گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو سے بچائو کے حفاظتی قطرے پلانے کے لئے دو افراد پر مشتمل ہزاروں ٹیمیں تشکیل دی جاتی ہیں،حکومت کے ساتھ یہ والدین کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے اور انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لئے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار سوموار کے روز راولپنڈی کے مضافات میں واقع بنیادی مرکز صحت -’’کوٹھا کلاں‘‘ میں بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر تین روزہ انسداد پولیو کی قومی مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف ایگزیٹو آفیسر ہیلتھ راولپنڈی سمیت محکمہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ دنیا بھر سے پولیو کا خاتمہ ہوچکا ہے تاہم پاکستان میں اس مرض کے خلاف ابھی جنگ جاری ہے۔

خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں Routine Immunizationکی کوریج میں روز بروز بہتری اور انسداد پولیو کی کامیاب مہمات کے نتیجے میں گذشتہ دو سالوں کے دوران پولیو کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک میں بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوانے اور پولیو ویکسین کے قطرے پلوانے کے لئے بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کے مراکز تک لے کر جانا والدین کی ذمہ داری سمجھا جاتا ہے جبکہ پاکستان میں حکومت گھر گھر جاکر بچوں کو قطرے پلانے کے لئے پولیو ورکرز کی ٹیمیں تشکیل دیتی ہے۔

ان ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون بچوں اور ان کے والدین کے اپنے مفاد میں ناگزیر ہے۔ خواجہ عمران نذیر نے مزید بتایا کہ موجودہ انسداد پولیو کی قومی مہم کے دوران19.1ملین سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لئے سنتالیس ہزارٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ٹیم دو نفوس پر مشتمل ہے ۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ گھر گھر پولیو کے قطرے پلانے کے علاوہ تمام ہسپتالوں ، ہیلتھ سینٹروں پر بھی یہ سہولت فراہم کی گئی ہے علاوہ ازیں ریلوے سٹیشنوں، ائیر پورٹس اور ٹول پلازوں پر بھی مسافر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ اپنے بچوں کو قومی مہم کے دوران پولیو کے قطرے پلا کر اپنی ذمہ داری کو پورا کرتے ہوئے بچوں کو ان کا حق دیں۔

متعلقہ عنوان :