وزیر اعلیٰ، گورنر ہائوس ، سنٹرل پولیس آفس سمیت دیگراہم دفاتر کی سکیورٹی کیلئے متبادل سکیورٹی پلان از سر نو ترتیب دینے کا فیصلہ

پولیس دفاتر کے باہر واقع شاہراؤں پر ٹریفک کی روانی اور عوام کی آمدو رفت میں حائل رکاوٹوں کا مستقل سد باب کیا جائے ‘کیپٹن (ر) عارف نواز

پیر 12 فروری 2018 17:48

وزیر اعلیٰ، گورنر ہائوس ، سنٹرل پولیس آفس سمیت دیگراہم دفاتر کی سکیورٹی ..
لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلی ہاؤس، گورنر ہائوس اور سنٹرل پولیس آفس سمیت دیگراہم دفاتر کی سکیورٹی کیلئے متبادل فول پروف سکیورٹی پلان از سر نو ترتیب دیا جائے اور نیاسیکیورٹی پلان تشکیل دیتے ہوئے عدالتی احکامات اور عوامی سہولت کے تمام پہلوؤ ں کو مد نظر رکھا جائے،پولیس دفاتر کے باہر واقع شاہراؤں پر ٹریفک کی روانی اور عوام کی آمدو رفت میں حائل رکاوٹوں کا مستقل سد باب کیا جائے اورسڑکوں کی غیر ضروری بندش کے خاتمے کے ساتھ ساتھ تجاوزات کو دوبارہ ہرگز قائم نہ ہونے دیا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سینئر پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)محمد امین وینس، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز عامر ذوالفقار خان، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ فیصل شاہکار، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے طاہر، ڈی آئی جی آپریشنزلاہور ڈاکٹر حیدر اشرف، ایس پی سیکیورٹی عمارہ اطہر سمیت دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے ۔

اجلاس میںصوبائی اور ضلعی حکومتوں کے حساس دفاتر کے باہر سے تجاوزات ہٹانے کے بعدپیدا ہونے والی سیکیورٹی صورتحال سے متعلقہ امور زیر بحث آئے۔سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عدالتی احکامات کے مطابق پولیس کے تمام دفاتر کے باہر سے سیکیورٹی بیرئیرز کو ہٹایا جا چکا ہے اور لاہور میں کسی بھی جگہ یا دفتر کے باہر پولیس فورس کی وجہ سے کوئی شاہراہ بند نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور پولیس درپیش چیلنجز میں اپنی ذمہ داریوں سے مکمل طور پر آگا ہ ہے اور افسران و اہلکار اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر عوامی خدمت کا مقدس فریضہ سر انجام دیتے رہیں گے ۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی احکامات کی روشنی میںموثر حکمت عملی کے تحت سیکیورٹی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے اور عوام کے جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کیلئے جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف جاری کریک ڈائون میں مزید تیزی لائی جائے ۔