حریت کانفرنس کے کارکن کو نامعلوم مسلح افراد نے بڈگام میں گولی مار کر قتل کر دیا

سیّد علی گیلانی کی طرف سے یوسف ندیم کے قتل کی شدید مذمت

منگل 13 فروری 2018 11:30

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں نامعلوم مسلح افراد نے ضلع بڈگام میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے کارکن محمد یوسف ندیم کو گولی مار کر قتل کردیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع بڈگام کے گائوں سندی پورہ کے رہائشی محمد یوسف ندیم کو نامعلوم مسلح افراد نے بیروہ کے علاقے چیرن گام میں گولی مار کر قتل کردیا۔

(جاری ہے)

محمد یوسف کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی کے ساتھ وابستہ تھے۔ ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیّد علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں ضلع بڈگام میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ میں حریت کانفرنس کے کارکن محمد یوسف ندیم کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوںنے یوسف ندیم کے قتل پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ یوسف ندیم حریت کانفرنس کی اکائی تحریک وحدت اسلامی سے منسلک تھے۔