فرنیچر، برقی مصنوعات، موٹر بائیک و دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں، میاں زاہد حسین

بدھ 14 فروری 2018 17:36

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2018ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ گجرات کرافٹ ورک، دستکاری، رنگ کاری، اونی شالوں اور جرسیوں کے لئے ملک بھر میں مشہور ہے، اس شہر کے دیدہ زیب زیورات اور آرائشی مصنوعات ملک بھر کی خواتین میں مقبول ہیں، گجرات میں مختلف صنعتوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں جن میں فرنیچر، برقی مصنوعات، موٹر بائیک اور ماس لیول پر دستکاری اور رنگ کاری شامل ہیں۔

بدھ کو جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے گجرات کی بزنس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ گجرات میں 1100 سے زیادہ صنعتی یونٹس موجود ہیں جن سے پیدا ہونے والی مصنوعات کی ملک بھر میں بے پناہ مانگ ہے، گجرات کی ذرخیز ذرعی زمینوں سے پیدا ہونے والی اشیاء میں اعلیٰ معیار کا چاول، گندم، گنا، سبزیاں اور تمباکو شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گجرات کے باسمتی چاول کی منفرد خوشبو کی وجہ سے یورپی منڈیوں میں اپنی خاص پہچان اور بے تحاشہ مانگ ہے، باسمتی چاول کا ملکی برآمدات میں قابلِ ذکر حصہ ہے جس میں مزید اضافے کے لئے حکومت اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ گجرات میں بننے والے پنکھے افغانستان سمیت بنگلہ دیش، مشرقِ وسطیٰ اور افریقہ کے کئی ممالک میں برآمد کئے جارہے ہیں تاہم برآمدات کی ترقی کے لئے ملائیشیاء اور سائوتھ افریقا میں نئی منڈیاں تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ پلاسٹک کے پنکھوں کی خاطر خواہ مانگ رکھنے والی امریکہ اور یورپی منڈیوںمیں ترسیل کے لئے کوشش کی جائے، حکومت اورگجرات شہر سے وابستہ بااثر سیاسی شخصیات مقامی برآمدات کی فروغ میں برآمد کنندگان اور صنعتکاروں کی مدد کریں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت پشاور سے کراچی بننے والے دو رویہ ریلوے ٹریک سے گجرات کی مصنوعات کی ملکی منڈیوں میں بروقت ترسیل بہتر ہوگی اور شہر میں صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ گجرات شہر میں کاروباری اور صنعتی ترقی کے بیشتر مواقع ہونے کے ساتھ ساتھ موجودہ صنعتیں ترقی کا بہترین پوٹینشل رکھتی ہیں، صنعتوں کے مسائل کو حل کرنے اور تجارت و صنعت کے فروغ کے لئے گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا کردار قابلِ توصیف ہے۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ حکومت شہر کی صنعتوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے گجرات چیمبر کی سفارشات پر عمل کرے، گجرات کے صنعت و تجارت کو درپیش مسائل کو حل کرکے حکومت شہر کی برآمدات میں اضا فہ کرسکتی ہے جس سے گجرات کی ترقی کی راہ ہموار ہوگی نیز گجرات میں ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کے قیام سے مقامی طور پر انڈسٹری کو اسکلڈ لیبر کی فراہمی میں آسانی ہو گی۔