روزگار کی فراہمی کے لئے صنعتی ، تجارتی اور کاروباری فعالیت نا گزیر ہے،گورنر سندھ محمد زبیر

بدھ 14 فروری 2018 17:36

روزگار کی فراہمی کے لئے صنعتی ، تجارتی اور کاروباری فعالیت نا گزیر ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ لوگوں کو روزگار کے مواقعوں کی فراہمی کے لئے معاشی ، اقتصادی ، تجارتی ، صنعتی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون ، مدد اور معاونت فراہم کررہی ہے اس ضمن میں وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کے اقدامات معاون ثابت ہو سکتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کے نو منتخب صدر غنضفر بلور کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات میں کیا ۔ وفد میں نائب صدور زاہد سعید اور طارق حلیم بھی شامل تھے۔ ملاقات میں حکومت کی معاشی پالیسی ، صنعتی فعالیت ، انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی ، سرمایہ کاری کے فروغ کے ضمن میں اٹھائے گئے سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ امن و امان کے قیام اور بجلی بحران کے خاتمہ کے بعد حکومت کی بھرپور توجہ معاشی ، اقتصادی ، تجارتی ، صنعتی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ پر مرکوز ہے ، صنعتی فعالیت کو مزید تیز کرنے کے لئے صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ،معاشی سرگرمیوں کے فروغ سے ہی لوگوں کو روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرنے ، غربت کے خاتمہ اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے ، صوبہ میں وفاق کی معاشی پالیسی کے سب سے زیادہ مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں ، جن کے باعث قومی معیشت مزید مستحکم ہورہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے صنعتی ، تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کے باعث شہر کو قومی معیشت میں کلیدی اہمیت حاصل ہے ، امن و امان کے قیام کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے نئی صنعتوں کے قیام اور تجارتی و کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ سے لوگوں کو روزگار کے مواقع دستیاب ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کار قومی معیشت کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں ، صنعتی فعالیت تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ کا سبب ہے اس ضمن میں برآمدا ت و درآمدات میں توازن برقرار رکھنے کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات یقینی بنارہی ہے، برآمدات میں اضافہ سے قومی ترقی ، سماجی خوشحالی ، صنعتوں کے فروغ ، تجارت اور کاروبار ی سرگرمیوں میں موئثر اضافہ سے تیز رفتار معاشی ترقی ممکن ہے ۔

گورنر سندھ نے صنعت کاروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ صوبہ سندھ کوصنعتی ترقی کا مرکز بنانے کے لئے مزید اقدامات کریں ، صوبہ با الخصوص کراچی میں امن و امان کے قیام کے بعد بیرونی سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں جبکہ صنعت کاروں اور تاجروں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جبکہ حکومت اور صنعت کار و تاجروں کے درمیان مکمل ہم آہنگی موجو د ہے صنعت کاروں اور تاجروں کی امن امان کے قیام میں خدمات کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔

ملاقات میں نو منتخب صد ر نے گورنر سندھ کو وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کی کارکردگی، حالیہ ہونے والے انتخابات ، صنعتی فعالیت کے ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات سمیت دیگر امور سے تفصیلی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کے بھرپور تعاون سے پاکستان معاشی خوشحالی کی سمت گامزن ہے ،صنعت کار بھی قومی معیشت کے استحکام کے لئے بھرپور اقدامات یقینی بنارہے ہیں ۔

انہوں نے گورنر سندھ کو صنعتی فعالیت میں حائل رکاوٹوں اور درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تیز ترین صنعتی فعالیت کے لئے وفاق کا تعاو ن اہم ثابت ہوگا ۔ملاقات میں گورنر سندھ نے نو منتخب عہدیداروں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کہ نومنتخب عہدیدار اپنی صلاحیتوں ، قومی جذبہ اور وژن کے تحت بھرپور اقداما ت یقینی بنائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :