ووٹ کے تقدس کا پیغام عوام کے دلوں تک پہنچ چکا، اسے ملک بھر میں پھیلائیں گے، ووٹ کا احترام ہو گا تو ملک ترقی کرے گا ،

لودھراں میں عوام نے سچ کا ساتھ دیا اور مسلم لیگ (ن) کو فتح حاصل ہوئی جس پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی علامہ راغب حسین نعیمی کی دادی کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو

بدھ 14 فروری 2018 17:40

ووٹ کے تقدس کا پیغام عوام کے دلوں تک پہنچ چکا، اسے ملک بھر میں پھیلائیں ..
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2018ء) سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ ووٹ کے تقدس کا پیغام عوام کے دلوں تک پہنچ چکا ہے، اسے ملک بھر میں پھیلائیں گے، ووٹ کا احترام ہو گا تو ملک ترقی کرے گا، لودھراں میں عوام نے سچ کا ساتھ دیا اور مسلم لیگ (ن) کو فتح حاصل ہوئی جس پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔ وہ بدھ کو علامہ راغب حسین نعیمی کی رہائش گاہ پر مولانا محمد حسین نعیمی کی اہلیہ اور علامہ راغب حسین نعیمی کی دادی کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

محمد نوازشریف نے کہا کہ کوئی نہیں سوچ سکتا تھا کہ لودھراں کے ضمنی الیکشن میں ایسا فیصلہ آئے گا لیکن قوم نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، دل چاہتا ہے کہ لودھراں کے عوام کا شکریہ وہاں جا کر ادا کروں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرا بیانیہ لوگوں کے دلوں میں گھر کر چکا ہے، مخالفین کو سوچنا چاہئے کہ وہ کیسی سیاست کر رہے ہیں، مخالفین نے جھوٹ اور منافقت کی سیاست کی اور عمران خان نے گالم گلوچ کا کلچر متعارف کروایا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے صرف اس بات پر نااہل کیا گیا کہ بیٹے سے تنخواہ نہیں لی لیکن اب قوم نے اپنا فیصلہ سنانا شروع کر دیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے لودھراں میں ہمیں عزت بخشی جس پرخدا تعالیٰ کا جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ووٹ کے تقدس کی بحالی کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، اس کی پذیرائی کیلئے لوگوں کی محبت کا مشکور ہوں، ووٹ کے تقدس کو بحال کرانے کے معاملے کو ہر جگہ لیکر جائوں گا۔

سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ ووٹ کا تقدس ہونا چاہیے، 22 کروڑ عوام کے مینڈیٹ کی تضحیک نہیں ہونی چاہیے، عوام کے مینڈیٹ کا احترام سب کو کرنا چاہیے، تب ہی ملک آگے بڑھے گا۔ قبل ازیں سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے علامہ راغب حسین نعیمی سے ان کی دادی کی وفات پر تعزیت و فاتحہ خوانی کی اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔