عملے کی عدم دستیابی کے باعث کارڈیک ایمرجنسی سینٹر شاہ فیصل کالونی بھوت بنگلے کا منظر پیش کرنے لگا

ڈاکٹرز چندہ جمع کرکے مریضوں کو ادویات اور انجکشن فراہم کرنے پرمجبور ہیں جبکہ کروڑوں کی مشینری پڑے پڑے ناکارہ ہوگئی

بدھ 14 فروری 2018 17:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2018ء)وسائل اورعملے کی عدم دستیابی کے باعث کارڈیک ایمرجنسی سینٹر شاہ فیصل کالونی بھوت بنگلے کا منظر پیش کرنے لگا ۔ڈاکٹرز چندہ جمع کرکے مریضوں کو ادویات اور انجکشن فراہم کرنے پرمجبور ہیں جبکہ کروڑوں کی مشینری پڑے پڑے ناکارہ ہوگئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق شاہ فیصل ایمرجنسی سینٹرکو نوسال گذرنے کے باوجود منظور شدہ عملہ دیا جاسکااورنہ ہی ادویات ڈاکٹر چندہ جمع کرکے مریضوں کو فراہم کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

اسپتال کا وارڈ تمام لوازمات کی موجودگی کے باوجود شروع نہ کیا جاسکا۔ قیمتی مشینری دوسرے اسپتالوں کو منتقل کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں ۔شدید مالی اور انتظامی بحران کے باوجود اسپتال میں ایکو کی بہترین سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔اس حوالے سے ڈائریکٹر ہیلتھ اینڈ میونسپل سروسز ڈاکٹر بیربل نے کہا کہ وسائل کی کمی اور ماضی میں منتخب نمائندوں کی عدم موجودگی مسائل کا سبب بنی مئیر کراچی کے اقدامات کے بعد صورتحال میں جلد بہتری آجائے گی۔واضح رہے کہ شہر قائد میں دل کے مریضوں کی تعداد 50 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جن کو بروقت علاج کی فراہمی کے لئے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔