پی ایس ایل تھری لاہور قلندر نے فتح کا مزہ چکھ لیا

ملتان سلطانز کو 6وکٹوں سے شکست دیکر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی شاہین آفریدی کی تباہ کن بائولنگ ، 3.4 اوورز میں صرف 4 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا

جمعہ 9 مارچ 2018 22:43

پی ایس ایل تھری لاہور قلندر نے فتح کا مزہ چکھ لیا
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مارچ2018ء) پی ایس ایل تھری میں مسلسل ناکامیوں کا سامنا کرنے والی ٹیم لاہور قلندرز نے بالاخر پوائنٹس ٹیبل پر موجود ٹاپ ٹیم ملتان سلطانز کو شکست دے کر پہلی مرتبہ کامیابی سمیٹ لی ہے۔ملتان سلطانز نے پہلے کھیلتے ہوئے لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 115 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا جو اس نے صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے ان کے کپتان برینڈن مکلم نے قائدانہ اننگز کھیلی اور 27 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ دیگر بلے بازوں میں گلریز صدف 27 اور اینٹن ڈیوسک 16 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے محمد عرفان، شعیب ملک، عمران طاہر اور سیف بدر نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں اینٹن ڈیوچچ شعیب ملک کی گیند پر 22 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

ڈیوچچ کے آف ہونے کے بعد فخر زمان عمران طاہر جبکہ آغا سلمان محمد عرفان کی گیند کا نشانہ بنے۔اس سے قبل شاہین آفریدی کی تباہ کن بولنگ کے باعث ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 114 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔شاہین آفریدی کی بہترین بولنگ کے باعث ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 114 رنز پر آئوٹ ہو گئی۔ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز کمار سنگا کارا اور احمد شہزاد نے کیا اور دونوں نے اپنی ٹیم کو 61 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔

سلطانز کو پہلا نقصان نویں اوور میں ہوا جب کمار سنگا کارا ایک اور اچھی اننگز کھیل کر سنیل نارائن کی گیند پر ڈیو چچ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے، انہوں نے 45 رنز کی اننگ کھیلی۔احمد شہزاد بھی 92 کے مجموعی سکور پر 32 رنز بنا کر میکلنگھن کا شکار ہو گئے۔احمد شہزاد کے آؤٹ ہونے کے بعد صہیب مقصود بھی 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، صہیب مقصود کو سنیل نارائن نے بولڈ کیا۔

صہیب کے آوئٹ ہونے کے بعد شاہین آفریدی ملتان سلطانز کیلئے ڈراؤنا خواب بن گئے اور ایک ہی اوور میں تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے مخالف ٹیم کیلئے مشکلات کھڑی کر دیں۔شاہین آفریدی نے اپنے دوسرے اوور میں شعیب ملک، وائٹلے اور سیف بدر کو آئوٹ کیا تاہم وہ اپنی ہیٹ ٹرک مکمل نہ کر سکے۔گزشتہ میچ میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنیوالے سہیل تنویر 2 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوئے جبکہ کیرون پولارڈ سہیل خان کی سلو بال کو سمجھ نہ سکے اور کلین بولڈ ہو گئے۔

اننگز کے آخری اوور میں شاہین آفریدی نے تیسری گیند پر پہلے جنید خان کو ایل بی ڈبلیو کیا اور پھر اگلی ہی گیند پر محمد عرفان کو بھی کلین بولڈ کر کے میچ میں 5 وکٹیں بھی مکمل کر لیں۔شاہین آفریدی نے 3.4 اوورز میں صرف 4 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جو پاکستان سپر لیگ کے رواں سیزن کی دوسری بہترین بولنگ ہے تاہم اگر کم رنز کے اعتبار سے دیکھا جائے تو اسے پی ایس ایل کی اب تک کی بہترین بولنگ قرار دیا جا سکتا ہے۔قبل ازیں ملتان کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔