کابل ،ْ خودکش حملے میں 9 افراد ہلاک اور متعدد زخمی

جمعہ 9 مارچ 2018 23:07

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2018ء) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خودکش حملے کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک اور کم از کم 18 زخمی ہوگئے۔افغان وزرات داخلہ کے ترجمان نجیب دانش کے مطابق کابل کے نواحی علاقے موصلا مزاری میں خود کش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 7 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ خودکش بمبار نے عبدل علی مزاری نامی سیاسی رہنما کی برسی کے موقع پر جمع ہونے والے افراد کو نشانہ بنایا۔وزرات صحت کے ترجمان نے بھی حملے میں 18 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کابل میں ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ۔

یاد رہے کہ مارچ کے آغاز میں بھی کابل میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 24 فروری کو بھی افغانستان کے مختلف شہروں میں بم دھماکوں کے نتیجے میں فوجی اہلکاروں سمیت 25 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔رواں برس کے آغاز سے افغان دارالحکومت میں متعدد بڑے دہشت گرد حملے ہوئے ہیں جن کے نتیجے میں 130 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :