فش ہاربر پر چینلزکی صفائی ستھرائی کے کاموں کا آغاز،چیئرمین عبدالبر کی طرف سے اظہار تشکر کے طورپرنیوی حکام کوامدادی چیک پیش

جمعہ 9 مارچ 2018 23:13

فش ہاربر پر چینلزکی صفائی ستھرائی کے کاموں کا آغاز،چیئرمین عبدالبر ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مارچ2018ء) چیئرمین ایف سی ایس عبدالبر کی طرف سے فش ہاربر پر چینلز کی صفائی کے سلسلے میں اظہار تشکرکے طور پر پاک نیوی کوامدادی چیک پیش کیا گیا او رپاک نیوی کے شانہ بشانہ فش ہاربر پر صفائی ستھرائی کے کاموں کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔ جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق منتخب ڈائریکٹرز نے فش ہاربر پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر کرنے پر کمانڈر کراچی،سیکٹرکمانڈر نیول انٹیلی جنس، ڈائریکٹر جنرل پی ایم ایس اے اورکمانڈر کوسٹل سمیت نیوی کے حکام کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پرچیئرمین ایف سی ایس عبدالبر نے کہا کہ فش ہاربرپر واقع جیٹزچینلزکی صفائی ستھرائی کی اشد ضرورت تھی ۔پاکستان نیوی کے اعلی افسران کی جانب سے صفائی ستھرائی کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے ناصرف ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ سمندری حیات کی زندگی کو لاحق خطرات کو بھی دور کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

چیئرمین عبدالبر نے مزید کہا کہ فشر مینز کوآپریٹیو سوسائٹی پاک نیوی کے افسران بالا کی شکر گذار ہے۔

اور امید کرتی ہے کہ فش ہاربر کی جیٹزاورچینلز پر صفائی ستھرائی کے ان اقدامات کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔اس موقع پر چیئرمین عبدالبر کی جانب سے منتخب ڈائریکٹر آصف بھٹی اور مینجر ایف سی ایس شوکت حسین نے پاک نیوی کے نمائندے کو امدادی چیک پیش کیا۔جبکہ پاک نیوی حکام کوایک تعریفی خط بھی ارسال کیا گیا۔چیئرمین ایف سی ایس عبدالبر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سیکٹر کمانڈر نیول انٹیلی جنس کے شانہ بشانہ فش ہاربر اور چینلز کی صفائی ستھرائی سمیت دیگر بہتر اقدامات اٹھائے جائیں گے جس سے نہ صرف سی فوڈ کی ایکسپورٹ بڑھے گی بلکہ ماہی گیروں کی زندگی میں انقلاب برپا کرنے میں مدد ملے گی۔