مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ‘شہدا ءکی تعداد20ہوگئی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 2 اپریل 2018 11:23

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ‘شہدا ..
سرینگر(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02اپریل۔2018ء) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے اورشہداکی تعداد20 ہوگئی ،100 سے زائد زخمی ہیں جبکہ 3 بھارتی فوجی بھی مارے گئے۔بھارتی فورسز نے ضلع شوپیاں اور اسلام آباد میں سرچ آپریشن کے دوران 13کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید کیا۔بھارتی جارحیت کے خلاف نکلنے والے کشمیری مظاہرین پر بھارتی فورسز نے گولیاں برسائیں اور پیلٹ گنوں کا استعمال کیا جس سے مزید کشمیری شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے اور 4ہسپتال زخمیوں سے بھرگئے۔

بھارتی مظالم کے خلاف حریت راہنماﺅں کی کال پر وادی میں مکمل ہڑتال کی گئی، جو آج بھی جاری رہے گی، وادی کے جنوبی اضلاع میں انٹرنیٹ اور ٹرین سروسز بھی بند ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بین القوامی نشریاتی ادارے نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ شوپیاں کے کاچھ ڈورو گاﺅں میں اب بھی قابض بھارتی فوج کی کاروائیاں جاری ہیں جن کی وجہ سے شہادتوں میں اضافہ کا خدشہ ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نتہے شہریوں کی جانب سے احتجاج پر پولیس اور سکیورٹی فورسز نے مظاہرین پر فائرنگ کی اور لوہے کے چھروں کا استعمال کیا جن سے شہادتیں ہوئیں۔اس واقعہ کی خبر عام ہوتے ہی وادی میں ہڑتال ہوگئی اور حریت کانفرنس نے آج پیر کے روزمقبوضہ کشمیر میں ہڑتال کی کال دی ہے ۔ حکومت نے مظاہروں کو روکنے کے لیے اندرونی ریل سروس اور انٹرنیٹ کو معطل کردیا ہے اور پیر کے روز تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :