بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں بربریت اور درندگی کی انتہا کردی ہے‘شہبازشریف

دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کی دعویدار ریاست کا گھناؤنا اور مکرہ چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے بھارت جان لے کشمیری عوام کو زیادہ دیر تک حق خودارادیت سے محروم نہیں رکھا جاسکتا‘وزیراعلیٰ پنجاب

پیر 2 اپریل 2018 22:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدرو وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بھارتی فوج کی بربریت کے باعث کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کااظہار کرتے ہوئے شہید نوجوانوں کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں بربریت اور درندگی کی انتہا ء کردی ہے اور بھارتی ظلم و ستم نے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کی دعویدار ریاست کا گھناؤنا اور مکرہ چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام اپنے لہو سے آزادی کی شمع روشن کررہے ہیں، بھارتی ظلم و ستم پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کا کوئی جواز نہیں۔

بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی آخری حدیں پار کر لی ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی پر عالمی برادری کو بیدار ہونا پڑے گا۔ انہو ںنے کہا کہ بھارت جان لے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو زیادہ دیر تک حق خودارادیت سے محروم نہیں رکھا جاسکتا۔ آزادی کشمیری عوام کا حق ہے جو انہیں ہر صورت ملنا چاہیئے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کی سیاسی،اخلاقی او رسفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔