ملک سے دہشتگردی کے خاتمے میں سیاسی و عسکری قیادت کا کردار قابل تحسین رہا ہے،حافظ حفیظ الرحمن

انتہاء پسندی ، انتشار کو فروغ دینے والی تنظیموں کی حوصلہ شکنی کرنی ہوگی، تقریب سے خطاب

پیر 2 اپریل 2018 22:56

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2018ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاہے کہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے میں سیاسی و عسکری قیادت کا کردار قابل تحسین رہا ہے، محمد نواز شریف نے دہشتگردی کیخلاف جنگ کا آغاز منظم پالیسی کے تحت کیا، انتہاء پسندی ، انتشار کو فروغ دینے والی تنظیموں کی حوصلہ شکنی کرنی ہوگی۔پیر کو حق حقدار تک کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ گلگت بلتستان امن کا گہوارہ بن چکا ہے اور اب کوئی علاقہ نوگو ایریا نہیں ہے۔

مثالی امن کے اس ماحول کو ہم سب نے مل کر قائم و دائم رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسی تنظیموں کی حوصلہ شکنی کرنی ہے جو انتہاء پسندی اور انتشار کو فروغ دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چندے کے نام پر کالعدم تنظیموں کو چندہ دینا ایک جرم ہے لہٰذا ہمیں چاہئے کہ خیرات اور عطیات دیتے ہوئے اس بات کو مدنظررکھے کہ ان کا استعمال صحیح اورمناسب طریقے سے ہو۔ گلگت بلتستان میں شیڈول فور کو نافذ کرنے سے قبل آگاہی مہم چلائی گئی تاکہ شیڈول فور کے حوالے سے عوام تک معلومات کی رسائی ممکن ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی روک تھام یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرنے پر توجہ دی جس کی وجہ سے صوبے میں دہشتگردی کا کوئی بڑا واقع رونما نہیں ہوا۔