کراچی میں درجہ حرارت میں اضافے اور ہیٹ ویوز کے پیش نظر مستقل بنیادوں پر انتظامات کئے جائیں ، وسیم اختر

رمضان المبارک کا مہینے میں اس مرتبہ شدید گرمی ہوگی اس لئے تمام اضلاع میں اسپتالوں ، کلینکس میں ہیٹ اسٹروک سے متعلق بھرپور انتظامات کئے جائیں شہر کے ایسے مقامات جہاں شہریوں کا رش زیادہ ہوتا ہے وہاں پر فلٹر شدہ پانی کے لئے ڈسپنسر لگائے جائیں،میئر کراچی کی اجلاس کے دوران ہدایات

پیر 2 اپریل 2018 23:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اپریل2018ء) میئر کراچی وسیم اخترنے کہا ہے کہ کراچی میں درجہ حرارت میں اضافے اور ہیٹ ویوز کے پیش نظر مستقل بنیادوں پر انتظامات کئے جائیں ، رمضان المبارک کا مہینے میں اس مرتبہ شدید گرمی ہوگی اس لئے تمام اضلاع میں اسپتالوں ، کلینکس میں ہیٹ اسٹروک سے متعلق بھرپور انتظامات کئے جائیں اور شہر کے ایسے مقامات جہاں شہریوں کا رش زیادہ ہوتا ہے وہاں پر فلٹر شدہ پانی کے لئے ڈسپنسر لگائے جائیں ، یہ بات انہوں نے شہر میں درجہ حرارت بڑھنے اور ہیٹ اسٹروک سے متعلق منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور، ضلع کورنگی کے وائس چیئرمین سید احمر علی، سٹی کونسل کے پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر اصغر عباس، چیئرپرسن میڈیکل کمیٹی ناہیدفا طمہ ، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم، میونسپل کمشنر ایسٹ اختر شیخ، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر بیربل، وائس آف کراچی کے سربراہ عامر گھانچی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ماضی کے تجربے سے سبق حاصل کرتے ہوئے تمام ادارے ایسے احتیاطی اقدامات اور کوششیں کریں جن کے ذریعے شہر میں ہیٹ اسٹروک جیسی صورتحال میں قیمتی جانوں کا ضیاع نہ ہو، کے الیکٹرک شہریوں کو ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رکھنے کے لئے گرمی کے موسم میں لوڈشیڈنگ سے گریز کرے، انہوں نے کہا کہ ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد کے بعد کے ایم سی اسپتالوں میں قائم وارڈ ز میں پہنچایا جائے، انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ہیٹ اسٹروک سے بچائو اور محفوظ رہنے کے لئے آگاہی مہم کو زیادہ موثر انداز میں چلانے کی ضرورت ہے، گلو بل وارمنگ کی وجہ سے دنیا بھر میں ماحولیاتی تبدیلیاں تیزی سے رونما ہوئی ہیں اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام شہری اداروں کو مربوط انداز سے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر ان حالات کا مقابلہ کرنا ہوگا، میئر کراچی نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو باہمی رابطے کے لئے ڈائریکٹر سٹی وارڈن کو فوکل پرسن نامزد کیا گیا اور محکمہ موسمیات سے روزانہ کی بنیاد پر رابطہ رکھا جائے گا، میئر کراچی نے اجلاس میں ہدایت کی کہ کے ایم سی کے تمام اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کو فوری امداد فراہم کرنے کے لئے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف، مناسب مقدار میں ادویات اور دیگر ضروریات کو یقینی بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ وہ ان تمام سینٹرز پر انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے خود بھی وقتاً فوقتاً ان مراکز کا دورہ کریں گے، میئر کراچی نے کہا کہ ہیٹ اسٹروک سے احتیاطی تدابیر کے ذریعے بچا جاسکتا ہے اس لئے شہریوں کو اس سے متعلق آگاہی کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہا کہ گرمی کے موسم میں شہری اپنی ضروریات کے لئے گھروں سے نکلتے وقت پانی ساتھ رکھیں اور شدید گرمی میں کوشش کی جائے کہ گرمی اور دھوپ سے بچا جائے، انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام تر احتیاطی تدابیر خود بھی اختیار کریں اور شہری اپنی فیملیز کو بھی اس کا پابند بنائیں، میئر کراچی نے کہاکہ غیر متوقع موسمیاتی تبدیلیاں کی وجہ سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہیٹ اسٹروک اب عام ہوتا جارہا ہے، اس موقع پر وائس آف کراچی کے سربراہ عامر گھانچی نے میئر کراچی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے ادارے کے تحت تمام ڈسٹرکٹ میں واٹر کولر لگائے جائیں گے اور ان کی کوشش ہوگی کہ وہ ایسے مقامات پر یہ واٹر کولر لگائیں جہاں شہری بڑی تعداد میں آتے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ شناختی کارڈ آفس، پاسپورٹ آفس، کورٹس، مارکیٹوں اور خریداری کے مراکز کے قریب فوری طور پر واٹر کولر لگائے جائیں اور پانی کو فلٹر کیا جائے تاکہ شہریوں کو صاف پانی میسر آسکے۔

میئر کراچی نے کہا کہ وہ ہیٹ اسٹروک سے بچائو سے متعلق وائس آف کراچی کی ہر ممکن مدد کریں گے۔

متعلقہ عنوان :