فلا ح انسانیت کے لئے رفاہی تنظیموں کا کردار قابل تعریف ہے،گورنر سندھ

عالم گیر ویلفیئر ٹرسٹ تعلیم ، صحت اور غریب بچیوں کو جہیز فراہم کرنے والا معتبر فلاحی ادارہ کے طور پر ابھر کر سامنے آرہا ہے جو کہ خوش آئند ہے،و یلفیئر ٹرسٹ کے دورے کے موقع پر گفتگو

پیر 2 اپریل 2018 23:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 اپریل2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ فلاح انسانیت عظیم کار خیر ہے ،فلاحی ادارے انسانیت کے دکھوں کا مداوا کرنے میں اہم ثابت ہورہے ہیں ، غریب و نادار بچوں کی تعلیم ، طبی سہولیات ، جہیز کی فراہمی سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے والے فلاحی ادارے غریبوں کا زبردست سہارا اور فلاحی معاشرہ کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں اس ضمن میں عالم گیر ویلفیئر ٹرسٹ تعلیم ، صحت اور غریب بچیوں کو جہیز فراہم کرنے والا معتبر فلاحی ادارہ کے طور پر ابھر کر سامنے آرہا ہے جو کہ خوش آئند ہے۔

انہوں نے عالم گیر ویلفیئر ٹرسٹ کے دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ جب ٹرسٹ پہنچے تو چیئر مین چوہدری نثار ، وائس چیئر مین حاجی مسعود پاریکھ اور دیگر عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

ٹرسٹ کے چیئر مین نے گورنر سندھ کو ٹرسٹ کی عمارت میں مختلف فلاحی شعبوں کا دورہ کرایا اور متعلقہ شعبوں سے متعلق تفصیل سے آگاہ بھی کیا۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ 1994 ء میں قائم ہونے والا ٹرسٹ آج ایک تناور درخت بن چکا ہے یہ صرف کراچی میں ہی نہیں بلکہ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی فلاح انسانیت کے کاموں کو پھیلا رہے ہیں جو کہ خوش آئند ہے ، ٹرسٹ کے تحت ہزاروں افراد کو طبی سہولیات ، بچوں کو تعلیمی وظائف ، فیس اور کورسز کی فراہمی اور غریب افراد کی بچیوںکے لئے جہیز کا انتظام کیا جارہا ہے جو کہ قابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ ٹرسٹ میں کام کرنے والے ملازمین کے لئے حج اور عمرہ ادائیگی کے لئے قرعہ اندازی کی جارہی ہے اور حال ہی میں او پی ڈی کے لئے دو جدید مشینیں خریدی گئیں ہیں تاکہ غریب افراد کو جدید دور کی طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں ، ٹرسٹ کی او پی ڈی میں سالانہ ساڑھے تین لاکھ افراد طبی سہولیات سے استفادہ حاصل کررہے ہیں جبکہ ڈائیلائسز کے لئے 13 جدید مشینیں ہیں یہ بہت ہی نیک کام ہیں جس کا اجر اللہ تعالیٰ کے یہاں بہت ہی زیادہ ہے ، ٹرسٹ سے وابستہ افراد دنیا اور آخرت دونوں ہی سنواررہے ہیں یہی ہمارے دین اسلام کا ہم سے تقاضہ بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں کام کرنے والے فلاحی ادارے خدمت انسانیت کے جذبہ سے سرشار سب و روز محنت کررہے ہیں اور غریب و نادار افراد کی کفالت ، طبی سہولیات ، تعلیم اور کھانے کا انتظام بھی کررہے ہیں ، خدمت انسانیت سے وابستہ افراد کے لئے گورنر ہا?س کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں جہاں میرا بھرپور تعاون ، مدد اور معاونت انھیں حاصل ہوگی ،عالم گیر ویلفیئر ٹرسٹ میں میرا یہ پہلا دورہ ہے اور یہاں لوگوں کو خدمت انسانیت کرتے دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے کہ ہمارے لوگوں میں نیک کام کرنے اور غریب و نادار افراد کی بھلائی کا جذبہ بہت زیادہ ہے۔

گورنر سندھ نے ٹرسٹ کی لیبارٹری کے لئے خریدی گئی دو جدید مشینوں کا افتتاح بھی کیا اور ملازمین ٹرسٹ کے تحت ہونے والی حج اور عمرہ کے لئے قرعہ اندازی بھی کی جس میں شاہ ولی اور احمد ملک کا نام حج کے لئے جبکہ گلزار بیگم اور نسیم احمد کا نام عمرہ کی ادائیگی کے لئے نکلا۔گورنر سندھ نے قرعہ اندازی میں نام نکلنے والے ملازمین کو مبارک باد بھی پیش کی۔

اس سے قبل گورنر سندھ کو ٹرسٹ کے چیئر مین چوہدری نثار نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بانی حاجی ایم نسیم چاندنہ عالم گیر ویلفیئر ٹرسٹ کا قیام 1994 ء میں عمل میں لائے ابتداء میں محدود پیمانے پر فلاح انسانیت کے کاموں کا آغاز کیا گیا لیکن رفتہ رفتہ اس کا دائرہ کار بڑھاتے گئے ، 2007 ء میں ٹرسٹ کا دفتر اسلام آباد میں بھی کھول دیا گیا ہے جہاں اسلام آباد کے مضافاتی علاقوں کے غریب افراد بھرپور استفادہ حاصل کررہے ہیں ، کراچی میں کلیکشن پوائنٹ قائم کئے گئے ہیں جن میں پی آئی بی ، برنس روڈ اور کراچی ایڈ منسٹریشن سوسائٹی شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹرسٹ کی او پی ڈی میں سالانہ ساڑھے تین لاکھ افراد طبی سہولیات حاصل کررہے ہیں ، ٹرسٹ تین شعبوں تعلیم ، صحت اور بچیوں کے جہیز پر کام کررہاہے ، غریب افراد کے بچوں کو ٹرسٹ کے تحت تعلیم کے سلسلہ میں کورس ، فیس اور وظائف بھی دیئے جارہے ہیں ، ڈائیلائسز کی 13 مشینیں ہیں جہاں یومیہ 89 مریضوں کا ڈائیلائسز کیا جا رہاہے جبکہ ٹرسٹ کے دائرہ کار کو مزید پھیلانے پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ #

متعلقہ عنوان :