ہر صورت فیصلہ نوازشریف کے خلاف ہو گا، بچنے کے کوئی امکان نہیں ،اگلی کال لندن یا جیل سے دیں گے ‘چودھری اعتزاز احسن

نگران سیٹ اپ کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کا متفقہونا مشکل لگتا ہے،معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا‘مرکزی رہنما پیپلزپارٹی

پیر 2 اپریل 2018 23:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2018ء) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما چودھری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ ہر صورت فیصلہ ان کے خلاف ہو گا، اس بات کا امکان ہی نہیں کہ وہ بچ سکیں،نوازشریف اگلی کال یا تو لندن یا پھر اڈیالہ جیل دیں گے ۔چودھری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ شہباز شریف ہاتھ باندھ کر ججوں، جرنیلوں اور سیاستدانوں کو خدا کے واسطے دے رہے ہیں، نیب نے جو دو ماہ پنجاب کی طرف توجہ دی ہے، اس کے بعد شہباز شریف کے لئے پریشانی کا عالم ہے۔

لاہور، پنڈی اور ملتان میٹرو بس پراجیکٹس، آشیانہ ہاسنگ سکیم اور احد چیمہ کے معاملات سامنے آ گئے ہیں۔ شہباز شریف تو منت سماجت پر آ گئے ہیں۔سابق وزیراعظم کیخلاف نیب ریفرنسز پر انہوںنے کہاکہ اس بات کا امکان ہی نہیں کہ نواز شریف بچ سکیں، اگر واجد ضیا کہتے ہیں کہ بچوں کے نام جائیداد ہے تو پھر بھی نواز شریف کو سزا یقینی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اگر یقین ہوا کہ دس بارہ دن میں ضمانت ہو جائے گی تو پھر اڈیالہ جیل جانا پسند کریں گے لیکن اگر ضمانت میں زیادہ عرصہ لگنے کا خدشہ ہوا تو پھر نواز شریف لندن سے کال دیں گے۔

انہوںنے نگران سیٹ اپ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہاکہ اس معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کا اتفاق ہونا مشکل لگتا ہے۔ میرے خیال میں معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا۔