سابقہ حکومتیں پالیسیاں بنانے کی بجائے ٹرانسفر پوسٹنگ کے کاموں میں اُلجھی ہوئی تھیں، پرویز خٹک

تحریک انصاف کی عوامی خدمات اور اصلاحات کی غریب عوام کو بخوبی قدر ہے،دن رات محنت کرکے صوبے کی شکل بدل دی ہے،وزیر اعلی کا تقریب سے خطاب

پیر 2 اپریل 2018 23:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اپریل2018ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ماضی میں سیاسی مداخلت کی وجہ سے اداروں کا بیڑہ غرق کیا گیا ۔حکومتیں پالیسیاں بنانے کی بجائے ٹرانسفر پوسٹنگ کے کاموں میں اُلجھی ہوئی تھیں ہم اداروں کو ہرقسم کی سیاسی مداخلت سے پاک کرنے اور عام آدمی کو تعلیم ،صحت اور دیگر سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے اور تھانے کچہری میںعزت دلانے کے ایجنڈے پر اقتدار میں آئے۔

ہم نے نظام کو شفاف بنانے کے لیے اصلاحات متعارف کرائیں جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں ۔تحریک انصاف کی عوامی خدمات اور اصلاحات کی غریب عوام کو بخوبی قدر ہے کیونکہ غریب کا اداروں سے واسطہ پڑتا ہیکرپٹ سیاسی اشرافیہ، خوانین اور جاگیرداروں کو نہ ضرورت ہے اور نہ ہی کبھی انہوں نے اداروں کی فکر کی ہے ایک محدود طبقے کی خوشحالی کیلئے اداروں کو تباہ کیا گیا صوبہ کھنڈرات کی شکل پیش کر رہا تھا ہم نے دن رات محنت کرکے صوبے کی شکل بدل دی ہے مردان میں بھی اربوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جارہے ہیں جس میں ویمن یونیورسٹی ، انجنئرنگ یونیورسٹی ، فلائی اوورز ، شہر کی خوبصورتی اور پارکوں کی تعمیر کے منصوبے شامل ہیں ، کیڈٹ کالج برائے خواتین فعال ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

وہ مردان رنگ روڈ پر 380 کنال اراضی پر میگا پبلک پارک کے منصوبے کے سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے ۔تقریب کی صدرات صوبائی وزیر تعلیم وتوانائی محمد عاطف خان نے کی ۔اس موقع پر ایم این اے مجاہد خان ، صوبائی اسمبلی کے ارکان طفیل انجم اور افتخار علی مشوانی ،تحصیل ناظم حاجی ایوب خان ، ضلع کونسل اور تحصیل کونسل کے ارکان،بلدیاتی کونسلرز اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

نیشنل لاجسٹک سیل کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کرنل ریاض زیب نے منصوبے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہاکہ اس پارک میں عوام کے لیے سیر وتفریح کی جدید ترین سہولیات فراہم کی جائیں گی پارک کو دس زونز میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں واٹر پارک،گالف کلب، بچوں کیلئے پلے ایریا اور دیگر فیچرز شامل ہیں ۔پر ویز خٹک نے کہا کہ صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں خوبصورتی اور اپ لفٹ پر اربوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں جس میں عوام کو صاف پانی کی فراہمی ، ٹریفک نظام کی بہتری، صفائی کی صورتحال بہتر بنانے ، سیرو تفریح کے لیے پارکوں کی تزئین آرائش اور نئے پارکوں کی تعمیر اور فٹ پاتھوں کی تعمیر شامل ہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ ماضی میں حکومتوں نے اس حوالے سے کوئی کام نہیں کیا شہروں میں پارک ویران پڑے تھے جن کا عملہ لوگوں کے گھروں میں خدمات انجام دیتا تھا ۔اُنہوں نے خواتین کی تعلیم کے فروغ کے لیے صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مردان میں وومن یونیورسٹی ،گرلز کیڈٹ کالج اور ہوم اکنامکس کالج کا قیام خوش آئند ہے اور اس سے خواتین کو معاشرے میں باوقا ر حیثیت ملے گی ۔

پرویز خٹک نے کہا کہ ہم نوشہرہ میں 25سو کنال اراضی پر ایک پارک پاکستان ائیر فورس کے تعاون سے بنارہے ہیں تاہم عاطف خان ہم سے ایک قدم آگے ہیں اور آج مردان میں اس میگا پراجیکٹ پر کام کا آغاز ہوگیا ہے جس سے علاقے کے لوگوں کو تفریح کی جدید ترین سہولیات میسر آئیں گی ۔اُنہوں نے کہا گوجر گڑھی میں بھی نہر کنارے ایک بڑے پارک کی منظوری دی گئی جبکہ ہم نے ریسکیو 1122 کا دائرہ صوبے کے بارہ شہروں تک بڑھا دیا ہے جو پہلے صرف پشاور اور مردان میں موجود تھی ۔

اسی طرح شہروں میں صفائی کی صورتحال میں بہتری کے لیے سینی ٹیشن کمپنیاں بنائی ہیں اور تعمیراتی کاموں میں کرپشن کے خاتمے کے لیے ای ٹینڈرنگ ،ای بلنگ اور ای بڈنگ کا نظام متعارف کرایا گیا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ سکولوں میں اساتذہ اور ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی حاضری یقین ی بنائی گئی ہے ،سرکاری سکول جہاں غریب کا بچہ پڑھتا ہے وہاں 35 ارب روپے کی لاگت سے ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور انگلش میڈیم ذریعہ تعلیم رائج کیا گیا ہے جبکہ سکولوں میں قران کی تعلیم لازمی کی گئی ہے ۔پولیس کو سیاسی مداخلت سے پاک کیا گیا ہے اور تھانوں میں غریب آدمی کو عزت دی جاتی ہے ۔اُنہوں نے این ایل سی حکام کو میگا پارک کا منصوبہ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔

متعلقہ عنوان :