Live Updates

عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس

آئندہ انتخابات کے لئے امیدواروں سے آن لائن درخواستیں طلب کرنے اور ان کے کوائف مرتب کرنے کا فیصلہ اجلاس میں آئندہ انتخابات کے لئے امیدواروں کے انتخاب کا عمل فوری شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،امیدوار درخواست فارم کے ساتھ پچاس ہزار روپے بطور زرضمانت جمع کرائیں گے، حتمی منظوری عمران خان دینگے ، فواد چوہدری

پیر 2 اپریل 2018 23:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ انتخابات کے لئے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ امیدواروں سے آن لائن درخواستیں طلب کرنے اور ان کے کوائف مرتب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیر کو پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت یہاں ہوا۔ اجلاس میں ملک بھر سے پارلیمانی بورڈ کے اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس میں تحریک انصاف کے الیکشن مینجمنٹ سیل کی جانب سے امیدواروں کے انتخاب سے متعلق طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اجلاس میں آئندہ انتخابات کے لئے امیدواروں کے انتخاب کا عمل فوری شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کی آفیشل ویب سائٹ پر امیدواروں کے لئے درخواست فارم آویزاں کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی کے لئے خواہشمند افراد ایک لاکھ روپے بطور زرضمانت درخواست کے ساتھ جمع کرانے کے پابند ہوں گے جبکہ صوبائی اسمبلیوں کے امیدوار درخواست فارم کے ساتھ پچاس ہزار روپے بطور زرضمانت جمع کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور اسلام آباد کے امیدواروں کی درخواستوں پر غور کے لئے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس بالترتیب 14 اور 15 اپریل کو ہوں گے جبکہ خیبرپختونخوا اور فاٹا کے امیدواروں کی درخواستوں پر 17 اور 18 اپریل کے اجلاس میں غور کیا جائے گا۔

سندھ اور بلوچستان سے موصول ہونے والی درخواستوں پر بالترتیب 20 اور 25 اپریل کو غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ طے شدہ معیار پر امیدواروں کو پرکھیں گے اور حتمی سفارشات مرتب کریں گے۔ پارلیمانی بورڈ کی جانب سے شارٹ لسٹڈ امیدواروں کی حتمی فہرست کی منظوری چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان دیں گے۔ پارلیمانی بورڈ کے تمام اجلاسوں کی صدارت چیئرمین عمران خان خود کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات