پاکستان پرامن ملک، جوہری پروگرام ملکی سالمیت ، خود مختاری کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کی خواہش رکھنے والوں کیلئے ہے، شاہدخاقان عباسی

دہشت گردی کے چیلنج نے ہماری معیشت پر برے اثرات مرتب کئے ، دہشت گردی کیخلاف جنگ اپنے وسائل سے لڑی، دنیا خطے سے اس لعنت کے خاتمے کیلئے پاکستان کے کردار ادا کا اعتراف کرے، حکومتی پالیسیوں سے جمہوریت مضبوط، اقتصادی حالات میں نمایاں بہتری آرہی ہے، وزیراعظم کی طلبائ کے وفد سے گفتگو

منگل 3 اپریل 2018 00:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اپریل2018ء) وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے چیلنج نے ہماری معیشت پر برے اثرات مرتب کئے ، یہ جنگ اپنے وسائل سے لڑی، دنیا خطے سے اس لعنت کے خاتمے کیلئے پاکستان کے کردار ادا کا اعتراف کرے، حکومتی پالیسیوں سے جمہوریت مضبوط، اقتصادی حالات میں نمایاں بہتری آرہی ہے، پاکستان پرامن ملک، جوہری پروگرام ملکی سالمیت ، خود مختاری کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کی خواہش رکھنے والوں کیلئے ہے۔

وزیراعظم نے یہ بات پیرکووزیراعظم آفس میں لندن بزنس سکول کے طلبائ کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی علی جہانگیرصدیقی بھی اس موقع پرموجودتھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے چیلنج نے ہماری معیشت پر برے اثرات مرتب کئے ہیں،پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف یہ جنگ اپنے وسائل سے لڑی ہے ،انہوں نے کہا کہ ملک میں قیام امن کیلئے حکومت نے سخت محنت کواپناشعاربنایا جس کے نتیجے میں ملک میں امن قائم ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تقریباً چھ سال کے عرصہ کے بعد نوبل انعام یافتہ طالبہ ملالہ یوسفزئی کی وطن واپسی اس بات کا بین ثبوت ہے کہ ملک میں امن قائم ہوچکاہے۔انہوں نے کہاکہ توانائی بحران کے خاتمے کیلئے موجودہ حکومت نے بجلی کے پیداواری پلانٹ تعمیرکئے ، اسی طرح چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت ملک بھر میں 1700کلومیٹرطویل موٹرویز بن چکی ہیں یا بن رہی ہے جس سے اندروں ملک اورخطے میں رابطوں کوبڑھانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہاکہ سی پیک کے تحت توانائی کے منصوبوں سے صارفین کوبڑی سہولت ملی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ملک نے مختلف شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے، جمہوریت مضبوط ہورہی ہے جبکہ اقتصادی حالات میں بھی نمایاں بہتری آرہی ہے، مجموعی قومی پیداوار(جی ڈی پی) کی شرح 5.7فیصد ہے اوراسے 6فیصد کرنے کیلئے کام ہورہاہے۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان پرامن ملک ہے، ملک کا جوہری پروگرام ان کیلئے ہیں جو پاکستان اوراس کی سالمیت اورخودمختاری کوعدام استحکام سے دوچارکرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ بات چیت اورمذاکرات سے خطے میں امن اوراستحکام کے قیام کیلئے کوششیں کی ہیں۔وزیراعظم نے طلبائ سے کہاکہ وہ ملک کے مختلف شہروں کا دورہ کریں تاکہ وہ خود مشاہدہ کریں کہ ملک میں امن اوراستحکام آیاہے اور ملک مختلف شعبوں میں ترقی کررہاہے۔قبل ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی علی جہانگیرصدیقی نے وفد کو حکومت کے انتظامی شاخ کی ساخت اورطریقہ ہائے کاربارے بریفنگ دی۔وفد کادورہ پرائم منسٹرکنیکٹ پروگرام کے تحت ہورہاہے جس میں وزیراعظم سے تبادلہ خیال بھی شامل تھا تاکہ وفد کے اراکین کو انتظامیہ کی تفہیم بارے آگاہی ہوسکے۔۔