وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف اور محمد منشاء اللہ بٹ کا گوہد پور، مراد پور، بونکن اور ہنٹر پورہ کا علاقہ حلقہ انتخاب میں شامل ہونے کا خیر مقدم

مسلم لیگ ن ہی ملک کی ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہے، موجودہ دور حکومت میں ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور دہشت گردی سے قوم کو نجات ملی، خواجہ محمد آصف

پیر 2 اپریل 2018 23:50

سیالکوٹ۔2 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2018ء) وفاقی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف اور صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ گوہد پور، مراد پور، بونکن اور ہنٹر پورہ کا علاقہ حلقہ انتخاب میں شامل ہونے پر خیر مقدم کرتے ہیں ، ضلع بھر کی طرح یوسی مراد پور اور گوہد پور میں بسنے والی عوام میاں محمد نواز شریف سے والہانہ عشق اور محبت کرتی ہے ان کی جانب سے پُر جوش خیر مقدم اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ عوام کی ہمدردیاں مسلم لیگ ن کے ساتھ ہیں اور ان کی یہ وابستگی لازوال اور بے مثال ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل مراد پور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔رکن صوبائی اسمبلی چودھری محمد اکرام، میئر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ توحید اختر چودھری ، یوسی چیئرمینز ڈاکٹر ارشد، چودھری عثمان، چاچا اسلم، چودھری سیف اللہ، شیخ ناصر، فاروق گھمن، خواجہ ٹیپواور عدنان اکبر چودھری کے علاوہ یونین کونسل بونکن اور مراد پور کے تمام بلدیاتی نمائندگان اور معززین علاقہ نے جلسہ میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے حلقہ کی عوام کی جانب سے گرم جوشی اور پُرتپاک استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن ہی ملک کی ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہے مسلم لیگ ن کے موجودہ دور حکومت میں ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوا اور دہشت گردی سے قوم نجات ملی ۔ صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے کہاکہ وہ 30سال قبل اس حلقہ میں میاں محمد نواز شریف کے امیدوار کے حیثیت سے آیا اور آج بھی اسی کے نمائندہ بن کرآیا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ میں نے جہاں کہیں سے بھی الیکشن لڑا لیکن گوہد پور، مراد پور، بونکن اور ہنٹر پورہ کے دوستوں اور ساتھیوں نے ہمیشہ ساتھ دیا ۔ انہوں نے کہاکہ خواجہ محمد آصف کی قیادت میں سیالکوٹ مسلم لیگ ن کا ایک مضبوط قلعہ ہے اور میں بھی خواجہ محمد آصف کاکارکن ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ انہیں نئی حلقہ بندیوں پر کوئی اعتراز نہیں بلکہ انہیں خوشی ہے کہ وہ ایک مرتبہ پھر اپنے پرانے حلقہ میں الیکشن لڑنے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ میری زندگی کا مشن خدمت خلق ہے اور اللہ کی مخلوق کے کام آنا سب سے بڑی عبادت ہے اور رضا الہٰی کے وسیلہ بھی ہے قبل ازیں وفاقی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف اور صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ کی آمد پر یوسی بونکن اور مراد پور میں شاندار استقبال کیا گیا ۔ شہریوں نے رہنماؤں میں پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ڈھول کی تھاپ پر خوب بھنگڑے ڈالے۔وفاقی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف اور صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے مسلم لیگ ن کے مرکزی رابطہ آفس میں کھلی کچہری کا بھی انعقاد کیا اور شہریوں کے مسائل سن کر ان کے حل کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں اور سائلین کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔