چھوٹا سا ٹینک 9,000 پاؤنڈ کے ٹریلر کو تنگ سے تنگ جگہ میں پارک کر سکتا ہے۔ حیرت انگیز ایجاد

Ameen Akbar امین اکبر پیر 2 اپریل 2018 23:31

چھوٹا سا ٹینک 9,000 پاؤنڈ کے ٹریلر کو تنگ سے تنگ جگہ میں پارک کر سکتا ہے۔ ..

نیو ٹریلر ویلٹ  آر وی آر  روبوٹ ٹینک کی حیران کن ایجاد نے بڑے اور وزنی ٹریلرز کو تنگ جگہ میں پارک کرنا نہایت آسان کر دیا ہے۔اس کی مدد سے 9,000 پاونڈز وزنی ٹریلر کو آپ بغیر کسی انسانی مشقت کے صرف ریموٹ کا ایک بٹن دبانے پر اپنی مرضی سے تنگ جگہوں میں بھی پارک کر سکتے ہیں۔ کم جسامت کے اس کارآمد ٹریلر ٹینک نے ثابت کردیا ہے کہ کام کے معاملے میں جسامت کوئی اہمیت نہیں رکھتی۔


یہ آر وی آر دیکھنے میں کسی بچے کا کھلونا محسوس ہوتا ہے لیکن درحقیقت یہ انتہائی کارآمد اور مضبوط گاڑی ہے جس کی مدد سے آپ 9,000 پاؤنڈ تک کے بھاری ٹریلرز کو بھی حرکت میں لا سکتے ہیں۔ اس کے لیے آپ کو صرف اس چھوٹے سے ٹینک کو ٹریلر سے جوڑنا ہوگا۔پھر اس کو ریموٹ کی مدد سے دائیں بائیں موڑ کر اپنی مطلوبہ پارکنگ میں ٹریلر کو کھڑا کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس میں چار طاقتور پلینیٹری موٹر گیئرز لگے ہوئے ہیں۔ یہ  تقریبا ہر قسم کی سطح زمین پر اپنا کام کر سکتا ہے۔یہ چھوٹے سائز کے  انجن کا جدید ترین ورژن ہے۔
یہ چھوٹا سا ٹریلر ویلٹ آر وی آر مختلف ضروریات کے لیے تین مختلف قسموں میں موجود ہے۔ 2,100 ڈالر مالیت کے ورژن میں دو موٹر گیئر نصب ہیں اور یہ 3,500 پاؤنڈز تک کا وزن کھینچنے کے قابل ہے۔ 3,400 ڈالر کا ماڈل تین موٹروں کے ساتھ 5,500 پاؤنڈز وزن کھینچ سکتا ہے۔جبکہ 4,100 ڈالر کا  آر وی آر  چار گیئر موٹروں کے ساتھ 9,000 پاؤنڈز وزنی ٹریلر حرکت میں لا سکتا ہے۔ یہ تینوں ماڈل جسامت میں تقریباً برابر ہیں اور ان کی بیٹری اندازاً 30 منٹ تک چل سکتی ہے۔