ہمسایوں کا کتا مارکر پکانےکے بعد ایک شخص نے سب ہمسایوں کی دعوت کر دی

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 13 اپریل 2018 23:37

ہمسایوں کا کتا مارکر پکانےکے بعد  ایک شخص نے سب ہمسایوں کی دعوت کر دی
جنوبی کوریا میں اپنے ہمسائے کے  کتے کے بھونکنے سے پریشان  ایک کسان نے کتے کو قتل کرکےپکایا اور کتےکےمالک سمیت سب ہمسایوں کی دعوت کر دی ۔
پولیس کےمطابق 62 سالہ کسان، جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، نے اعتراف کیا کہ وہ اپنے پڑوسی کے کتے کے بھونکنے سے تنگ تھا۔ اسی لیے اس نے کتے کو پتھر مارا ، جس سےکتا بے ہوش ہوگیا۔ اس کے بعد کسان نےکتے کو مار کر پکایا اور اس کےمالک سمیت سب ہمسایوں کی دعوت کر دی۔


انٹرنیٹ پر یہ واقعہ اس وقت وائرل ہوا جب کتے کے مالک کی بیٹی نے انٹر نیٹ صارفین سے مجرم کو سخت سزا دلوانے کےلیے مہم چلانےکی اپیل کی۔ اس حوالے سے ایک آن لائن پٹیشن بھی دائر کی جا چکی ہے، جس پر 15 ہزار افراد دستخط کر چکے ہیں۔
بیٹی کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنےہمسائےمیں کتے کی تصویروں والے پمفلٹ بھی بانٹے تھے، جس میں کتے کی واپسی میں مدد دینے والے افراد کے لیے 10 لاکھ وون یا 1220 ڈالر انعام دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

پمفلٹ پڑھنےکے بعد کسان لڑکی کے گھر کتے کی گمشدگی پر ہمدردی کرنے بھی آیا اور اس کے بعد  لڑکی کے باپ کو کتے کا گوشت کھانے کی دعوت بھی دی۔ لیکن کتے کا مالک اس دعوت میں نہیں گیا۔
کتے کا گوشت جنوبی کوریا میں ایک مرغوب غذا ہے۔ لیکن اب نئی نسل کتوں کا گوشت کھانا اچھا نہیں سمجھتی۔جنوبی کوریا میں اب کتوں کو گوشت کی بجائے پالتو جانور کے طور پر پالنےکا رجحان بڑھ رہا ہے لیکن اس کے باوجود ملک میں ہر سال 10 لاکھ کتے کاٹے جاتے ہیں۔
 جنوبی کوریا میں ایک نیا قانون بھی پاس کیا گیا ہے۔ جس میں جانوروں پر ظلم کرنے والوں کو 20 ملین وون جرمانہ اور دو سال قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔