پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام اقبال سٹیڈیم میں انڈر 13،انٹر ریجن ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ سیالکوٹ کی ٹیم نے جیت لیا

ہفتہ 14 اپریل 2018 22:24

پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام اقبال سٹیڈیم میں انڈر 13،انٹر ریجن ٹی ..
فیصل آباد۔14 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام اقبال سٹیڈیم میں انڈر 13،انٹر ریجن ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ سیالکوٹ کی ٹیم نے جیت لیا۔اس ٹورنامنٹ میں 16ریجن کی ٹیموں نے حصہ لیا اورملک کے مختلف شہروں میں میچز منعقد ہوئے۔فائنل میچ اقبال سٹیڈیم میں سیالکوٹ اور راولپنڈی کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جس میں سیالکوٹ کی ٹیم نے 8وکٹوں کے نقصان پر 112رنز بنائے جبکہ راولپنڈی کے تمام کھلاڑی 57کے سکور پر آئوٹ ہوگئے۔

تقسیم انعامات کی تقریب میں ڈپٹی کمشنر سلمان غنی مہمان خصوصی تھے جبکہ اس موقع پر پی سی بی کے ہیڈ کوچ تنویر شوکت،جونیئر سلیکٹرز علی رضا،عامر نذیر،ثناء اللہ بلوچ ودیگر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے جیتنے والی ٹیم کو مبارکباد دی اور نوجوان کھلاڑیوں کی کرکٹ میں گہری دلچسپی اور مہارت کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کرکٹ کی ترقی وفروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں اور کرکٹ کے بین الاقوامی اور قومی سطح کے مقابلوں کے لئے اقبال سٹیڈیم میں بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالات کیسے بھی ہوں کھیلوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہے گا اور شائقین کھیل کو مختلف مقابلوں کے مواقع فراہم کئے جائیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ عنقریب اقبال سٹیڈیم میں پاکستان کپ کے میچز بھی کھیلے جائیں گے ۔ڈپٹی کمشنر نے انڈر 13انٹرریجن کرکٹ ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے پی سی بی اور دیگر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔