تمام سیاسی جماعتیں مل بیٹھ کر ملک میں مزید صوبے بنانے کے بارے میں اتفاق پیدا کریں، وفاداریاں بدلنے کا زمانہ چلا گیا اب عوام فیصلہ کرتے ہیں‘

عوام وفاداریاں تبدیل کرنے والوں سے سوال کریں گے، ہم جمہوری اقدار کے فروغ پر پختہ یقین رکھتے ہیں اور ہم نے تمام مسائل کے باوجود عزت اور شائستگی سے سیاست کی ہے، پاکستان صرف اور صرف جمہوریت سے ہی آگے بڑھے گا،سیاست کے فیصلے صرف پولنگ سٹیشن پر ہوتے ہیں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا بہاولپور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ورکرز اور معززین علاقہ سے خطاب

ہفتہ 14 اپریل 2018 22:33

تمام سیاسی جماعتیں مل بیٹھ کر ملک میں مزید صوبے بنانے کے بارے میں اتفاق ..
بہاولپور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2018ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مل بیٹھ کر ملک میں مزید صوبے بنانے کے بارے میں اتفاق پیدا کریں، وفاداریاں بدلنے کا زمانہ چلا گیا اب عوام فیصلہ کرتے ہیں‘ عوام وفاداریاں تبدیل کرنے والوں سے سوال کریں گے، ہم جمہوری اقدار کے فروغ پر پختہ یقین رکھتے ہیں اور ہم نے تمام مسائل کے باوجود عزت اور شائستگی سے سیاست کی ہے، پاکستان صرف اور صرف جمہوریت سے ہی آگے بڑھے گا،سیاست کے فیصلے صرف پولنگ سٹیشن پر ہوتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو بہاولپور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ورکرز اور معززین علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گلگت سے گوادر تک ترقی کی داستان ملے گی، جب میں وزیر اعظم بنا تو ترقیاتی منصوبوں کی ایک طویل فہرست تھی۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن واحد جماعت ہے جس کی حکومت صرف سنگ بنیاد نہیں رکھتی بلکہ منصوبہ مکمل کرکے افتتاح بھی کرتی ہے۔

جنوبی پنجاب کو صوبے کا درجہ دینے سے متعلق پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال پر وزیراعظم نے کہا کہ وفاداریاں بدلنے کا زمانہ چلا گیا اب عوام فیصلہ کرتے ہیں۔عوام وفاداریاں تبدیل کرنے والوں سے سوال کریں گے۔جنوبی پنجاب میں جتنے ترقیاتی کام مسلم لیگ ن کی حکومت نے کئے کسی اور سیاسی جماعت نے نہیں کئے۔پینسٹھ سال میں نوازشریف کے کاموں کا پلڑا ماضی کی حکومتوں کے کاموں کے مقابلے میں بھاری ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سال 2017میںمحمد نواز شریف نے لواری ٹنل کے منصوبے پر28ارب روپے خرچ کر کے اس کو مکمل کیا ۔انہوں نے کہا کہ نئے منصوبوں کے علاوہ محمد نواز شریف نے گزشتہ حکومتوں کے تمام بڑے منصوبے بھی مکمل کئے۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف، آصف علی زرداری اور عمران خان کی حکومتوں نے عوام کیلئے کوئی کام نہیں کیا اور آج بھی ان کے صوبوں کے عوام ترقی کی راہیں دیکھ رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوام حقائق جانتے ہیں اور جھوٹ کی سیاست کو پسند نہیں کرتے۔ مسلم لیگ ن نے جمہوریت کے وقار کو مجروح ہونے نہیں دیا بلکہ ہمیشہ جمہوریت کی عزت کی سیاست کی۔ انہوں نے کہا کہ وقتا فوقتا حکومت ٹوٹنے کے دعوے کرنے والے آج گھر بیٹھے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان صرف اور صرف جمہوریت سے ہی آگے بڑھے گا،سیاست کے فیصلے صرف پولنگ سٹیشن پر ہوتے ہیں۔

وزیراعظم نے تمام سیاسی جماعتوں پرزوردیا کہ مل بیٹھ کر ملک میں مزید صوبے بنانے کے بارے میں اتفاق پیدا کریں۔وزیراعظم نے کہاکہ نہ صرف پنجاب میں نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ کیاجارہا ہے بلکہ اس حوالے سے خیبرپختونخوا ، سندھ اور بلوچستان میں بھی آوازیں اٹھائی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) واحد جماعت ہے جس نے نئے صوبوں کی حمایت میں پنجاب اسمبلی سے قرارداد منظور کرائی۔

وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے جنوبی پنجاب میں بے مثال ترقیاتی کام کئے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) نے ہی جنوبی پنجاب میں مثالی ترقیاتی کام کئے۔ ہم نے اس علاقے میں سکول، کالج اور ہسپتال بنائے ہیں اور بجلی گھر قائم کئے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیاسی فیصلے عدالتوں میں نہیں بلکہ یہ ملک کے عوام کی جانب سے پولنگ سٹیشنوں پر ووٹ کے ذریعے ہونے چاہئیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کے خلاف سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ قبول کرلیا ہے تاہم تاریخ اسے تسلیم نہیں کرے گی۔ملک بھر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی طرف سے شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے مخالفین گزشتہ پانچ سال میں حکومت کے مثالی ترقیاتی کام سے خوفزدہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم جمہوری اقدار کے فروغ پر پختہ یقین رکھتے ہیں اور ہم نے تمام مسائل کے باوجود باوقار اور شائستگی سے سیاست کی۔ انہوں نے کہا کہ جس پارٹی کے پاس ایم پی ایز نہ ہوں وہ سینیٹر کس طرح بن سکتے ہیں۔جس نی14 ایم پی ایز خریدنے کی بات کی تھی اور جب چیئرمین سینیٹ کے انتحاب کا وقت آیا تو دونوں پارٹیوں نے ملکر چیئر مین سینیٹ بنوایا۔

جو ممبران سے ووٹ خریدتے ہیں وہ عوامکی خدمت کس طرح کریں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ اس ملک کو امن بھی دیا،کراچی جو دنیا کی5خطرناک ترین شہروں میں شمار ہوتا تھا وہاں اب حالات بہت بہتر ہیں ۔انہوں نے کہا صوبے کے معاملات الیکشن کے بعد کریں گے اس پر ہمیں دو رائے نہیں ہونے چاہیے جو موقف بدلتے ہیں ان کی ورکرز عزت نہیں کرتے۔وفاقی وزیر تعلیم انجینئر بلیغ الرحمان‘ سینیٹر چوہدری سعود مجید نے بھی ورکرز سے خطاب کیا ۔اس موقع پر پارلیمنٹیرین اور مسلم کے کثیر تعداد میں لوگ بھی موجود تھے۔