برازیل میں کسی انسان کو سانپوں کے اس جزیرے پر جانے کی اجازت نہیں

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 27 جون 2018 23:44

برازیل  میں کسی انسان کو  سانپوں کے اس جزیرے پر  جانے کی  اجازت نہیں
برازیل کے ساحل سے 25 میل دور ایک جزیرہ ہے، جہاں کوئی بھی شخص جانے کی ہمت  نہیں کرتا۔ کہاجاتا ہے کہ اس جزیرے کے ساحل سے کچھ دور  سمندر میں ایک ماہی گیر اپنی ہی کشتی میں خون میں لت پت مردہ پایا گیا تھا۔
اس پراسرار جزیرے کا نام  Ilha da Queimada Grande ہے۔ یہ جزیرہ اتنا خطرناک  ہے کہ برازیل کی حکومت نے یہاں کسی انسان کا جانا غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔

اس جزیرے پر جو سب سے بڑا خطرہ ہے  وہ یہاں موجود سانپوں سے ہے۔ اس جزیرے سے دنیا کے خطرناک ترین سانپ بوتھروپس انسولارس پائے جاتے ہیں۔ انہیں گولڈن لانس ہیڈ سانپ بھی کہا جاتا ہے۔ اس نام کی وجہ تسمیہ ان سانپوں کے سر کا نیزے کی طرح ہونا ہے۔یہ سانپ ڈیڑھ فٹ تک بڑھ سکتا ہے۔ اس جزیرے پر ان کی آبادی 2000 سے 4000 کے درمیان ہے۔ اسی وجہ سے اسے سانپوں کا جزیرہ بھی کہا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ان سانپوں کا ڈسا انسان ایک گھنٹے سے پہلے وفات پا جاتا ہے۔
سانپوں کا یہ جزیرہ غیر آباد ہے لیکن انسان یہاں پر مختصر وقت کے لیے قیام کرتے رہے ہیں۔ 1920  کی دہائی کے اختتام پر یہاں انسانوں نے رہنا چھوڑ دیا۔ اس کی  وجہ یہ ہے کہ کہانیوں کے مطابق سانپوں نے لائٹ ہاؤس کی کھڑکیوں سے گھس کر لائٹ ہاؤس کیپر اور اس کی فیملی کو ختم کر دیا تھا۔ آج کل نیوی باقاعدگی سے وہاں جا کر لائٹ ہاؤس کو دیکھتی ہے تاکہ کوئی غلطی سے اس جزیرے پر نہ پھنس جائے۔


جزیرے پر سانپوں کی موجودگی کے بارے میں ایک اور کہانی بھی مشہور ہے، جس کے مطابق ان سانپوں  کو بحری قزاقوں نے جزیرے پر چھوڑا تھا، تاکہ کوئی یہاں دفن ان کا خزانہ نہ نکال سکے۔
حقیقت میں اس جزیرے پر سانپوں کی وجہ سمندر کی سطح آب کا بڑھنا ہے۔ یہ جزیرہ 10 ہزار سال پہلے برازیل کا ہی حصہ تھا۔ اس کے بعد سمندر کی سطح بڑھی تو یہ برازیل کے مرکزی حصے سے الگ ہوگیا اور جزیرہ بن گیا۔جزیرے کے سانپ یہاں آنے والے پرندوں کو کھا کر اپنی بھوک مٹاتے ہیں ۔
اس جزیرے پر  کئی لوگ غیر قانونی طور پر جا کر ان سانپوں کو پکڑتے ہیں اور اپنی جان خطرے میں ڈالتے ہیں۔ اس سانپ کا زہر کافی مہنگا فروخت ہوتا ہے، اس لیے غیر قانونی طور پر یہاں جانے والے اپنی زندگی کی پرواہ بھی نہیں کرتے۔
برازیل  میں کسی انسان کو  سانپوں کے اس جزیرے پر  جانے کی  اجازت نہیں

متعلقہ عنوان :