شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے ایلیٹ پولیس فورس کے کمانڈوز سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا ‘کلیم امام

انتخابات سے قبل ایلیٹ فورس کی پروفیشنل صلاحیتوں میں مزید اضافے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں ، تمام اضلاع بالخصوص حساس پولنگ اسٹیشنزوالے علاقوں میں افسران و اہلکار زیادہ ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض ادا کریں ‘آئی جی پنجاب

جمعرات 28 جون 2018 19:37

شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے ایلیٹ پولیس فورس کے کمانڈوز سے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا ہے کہ فورس کی پری الیکشن ٹریننگ میں کسی قسم کی کوتاہی یا کمی قطعا قابل قبول نہیں چنانچہ انتخابات سے قبل پری الیکشن ٹریننگ کے طور پرتھانوں کی سطح تک ایلیٹ فورس کے تین، پانچ اور سات روز تک کے مختصردورانئے کے مختلف ریفریشر اورشارٹ کورسزفی الفور شروع کروائے جائیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹرینرز اور دیگر افسران پولنگ سکیورٹی ڈیوٹی کی ضروریات کے مد نظر سکیورٹی مینجمنٹ کے حوالے سے مختلف مختصر کورسز کی مدد سے جوانوں کی استعداد کار بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ پولیس فورس شاہد حنیف کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کے ساتھ ویڈیو لنک کانفرنس کریں اور پنجاب کی تمام ریجنز اور ڈسٹرکٹ میں ایلیٹ فورس کے پری الیکشن ٹریننگ کورسز اپنی نگرانی میں مکمل کروائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں شفاف انتخابات کو یقینی بنانے اور دوران ِ پولنگ صوبے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لئے ایلیٹ پولیس فورس کے کمانڈوز سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا اور حساس پولنگ اسٹیشنز کی سکیورٹی کے لئے خاص طور پر ایلیٹ پولیس کے جوانوں کو تعینات کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرل پولیس آفس میں ایلیٹ فورس کے سینئر افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ شاہد حنیف ، ڈی آئی جی ایلیٹ افضل محمود بٹ ،کمانڈنٹ ایلیٹ ٹریننگ سکول کرنل پرویز اقبال،ڈائریکٹر ایس او یو کرنل(ر) سعد سلیم ، ڈپٹی ڈائریکٹر مانیٹرنگ محمود الحسن گیلانی اور ایس پی ہیڈ کوارٹر ایلیٹ سید جعفر عباس سمیت دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے ۔ آئی جی پنجاب نے ایلیٹ پولیس فورس کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ انتخابات سے قبل ایلیٹ فورس کی پروفیشنل صلاحیتوں میں مزید اضافے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں اور تمام اضلاع بالخصوص حساس پولنگ اسٹیشنزوالے علاقوں میں افسران و اہلکار زیادہ ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض ادا کریں اوراگر کوئی بھی شخص یا سیاسی پارٹی انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے، امن و امان کو سبوتاژ کرکے خوف و ہراس پھیلانے یا قانون شکنی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرے تو اس کے خلاف بلا تفریق کاروائی عمل میں لائی جائے ۔

مزید برآں آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے سینٹرل پولیس آفس لاہور میں آئی جی ریلوے پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمن خان کے ساتھ ملاقات کی ۔دونوں سربراہان کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون بڑھانے سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ آئی جی ریلوے ڈاکٹر مجیب الرحمن خان نے ڈاکٹر سید کلیم اما م کو پنجاب پولیس کی کمان سنبھالنے پر مبارک باد دی ۔

اس موقع پر پولیس سربراہان نے دونوں محکموں میں انفارمیشن شئیرنگ کو بہتر سے بہتر بنانے پر اتفاق رائے کیا۔ آئی جی پنجاب کا کہناتھا کہ جرائم پیشہ افراد اور سماج دشمن عناصر کی نقل و حرکت کو روکنے کیلئے پنجاب پولیس اور ریلوے پولیس مل کر مزید موثر انداز میں کاروائیاں کریں ۔انہوں نے مزید کہا کہ افسران واہلکاروں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے دونوں پولیس فورسز باہمی تعاون میں اضافہ کریں گے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بطور آئی جی پولیس اپنی فورس کے مسائل حل کر تے ہوئے بہتر سے بہتر نتائج حاصل کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہوں کیونکہ یہ بات واضح ہے کہ اگر محکمہ کاسربراہ اپنی فورس کا خیال رکھے تو اس سے فورس کا مورال مزید بلند رہتا ہے اور افسر ان و اہلکار دلجمعی سے فرائض سر انجام دیتے ہیں۔ملاقات کے اختتام پر آئی جی پنجاب نے آئی جی ریلوے کو پنجاب پولیس کی جانب سے یادگاری سووینئیر پیش کیا ۔