Live Updates

تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے شاہد خاقان عباسی کی تاحیات ناہلی کے فیصلے کو مضحکہ خیز قرار دے دیا

مجھے لگ رہا تھا کہ صرف میرے خلاف دیا گیا فیصلہ ہی غلط ہے، لیکن سابق وزیراعظم کیخلاف دیا گیا فیصلہ بھی غلط ہے

muhammad ali محمد علی جمعرات 28 جون 2018 19:11

تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے شاہد خاقان عباسی کی تاحیات ناہلی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جون2018ء) تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے شاہد خاقان عباسی کی تاحیات ناہلی کے فیصلے کو مضحکہ خیز قرار دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان تحریک انصاف کی جانب سے سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی کی نااہلی کے فیصلے پر ردعمل دیا گیا ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کی تاحیات ناہلی کا فیصلہ مضحکہ خیز ہے۔

فواد چوہدری مزید کہتے ہیں کہ مجھے لگ رہا تھا کہ صرف میرے خلاف دیا گیا فیصلہ ہی غلط ہے، لیکن سابق وزیراعظم کیخلاف دیا گیا فیصلہ بھی غلط ہے۔ واضح رہے کہ فواد چودھری کو جمعرات کے روز لاہور ہائیکورٹ بار نے نااہلی کا فیصلہ معطل کر کے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ بار کا فیصلہ جہلم کی عوام کی فتح ہے۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن لڑنے کی اجازت دینے پر لاہور ہائیکورٹ بار کے عہدیداران کا شکر گزار ہوں۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز این اے 67 سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کو نا اہل قرار دے دیا گیا۔ٹربیونل نے فواد چوہدری کے کاغذات نامزدگی مسترد کرتے ہوئے انہیں حلقہ این اے 67 سے الیکشن لڑنے کے لیے نا اہل قرار دے دیا گیا تھا۔

جس کے بعد پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ آج جو فیصلہ آیا ہے اور میرے کاغذات نامزدگی مسترد ہو گئے ہیں ، اس پر میں اپنے دوستوں کو کہنا چاہتا ہوںکہ گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔جب آپ اس گیم میں ہوتے ہیں تو اس طرح کی رکاوٹیں ڈالی ہی جاتی ہیں، مجھے پیغام آیا تھا کہ افتخار چودھری کے خلاف پریس کانفرنس نہ کریں بصورت دیگر رد عمل آئے گا اور آپ کے الیکشن پر اثر پڑے گا سو وہی ہوا، لیکن کوئی بات نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمارے لیڈر ہیں اور ان کے اوپر جو بھی اس طرح کی بات گا اسے اس کا جواب ضرور ملے گا۔ اور افتخار چودھری اور ان کی باقیات کے خلاف ہماری جدوجہد بھی جاری رہے گی۔ یہ جو فیصلہ آیا ہے اس کا بنیادی مقصد میری الیکشن مہم کو متاثر کرنا ہے کیونکہ اصل میں اس کے اندر کچھ ہے ہی نہیں۔ پہلے اس کیس کو معطل کیا گیا ، پھر اس پر از خود نوٹس لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ میں اس سلسلے میں سپریم جوڈیشل کونسل سے بھی رجوع کر رہا ہوں، یہ جو جج صاحب ہیں عباد الرحمان لودھی ،یہ افتخار چودھری کے چہیتے آدمی ہیں جن کو تعینات کیاگیا۔ اور ان کو تعینات کیسے کیا گیا پوری پنڈی بار کو اس بات کا علم ہے۔ ان کی ساکھ کیا ہے پوری پنڈی بار کو علم ہے لہٰذا میں نے پاکستان بار کونسل اور سپریم جوڈیشل کونسل کو ان کے بارے میں آج شکایات بھجوا رہا ہوں۔

اور یہ میرا قانونی حق ہے۔ فواد چوہدری نے اس معاملے پر قانونی چارہ جوئی کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ یہ فیصلہ آئندہ دو تین روز میں واپس بھی لے لیا جائے گا کیونکہ اس کا کوئی میرٹ نہیں ہے۔ انہوں نے اپنے کارکنوں کو پیغام دیا کہ آپ سب اپنی مہم جاری رکھیں کیونکہ بہت جلد ہم میدان میں واپس ہوں گے۔
پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات