آئی جی سندھ کی زیر صدارت اجلاس، پولیس کلنگز میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کی تفصیلات طلب

پولیس کلنگز میں ملوث ملزمان کی گرفتاریوں کو یقینی بنایا جائے،آئی جی سندھ ٹریفک اہلکاروں کو ناصرف ریفریشر کورسز کرائے جائیں بلکہ انہیں دوران فرائض حفاظت خوداختیاری اقدامات کے تحت پستول فراہم کئے جائیں، شہریوں کے لیئے روڈ سیفٹی اور ایجوکیشن کے حوالے سے موٹروے پولیس سے رابطہ کیا جائے اور اس ضمن میں تمام اسکولز کالجز اور جامعات سے باقاعدہ آگاہی مہم کا بھی آغاز کیا جائے، آئی جی کی ہدایت

جمعرات 28 جون 2018 19:53

آئی جی سندھ کی زیر صدارت اجلاس، پولیس کلنگز میں ملوث ملزمان کی گرفتاری ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جون2018ء) آئی جی سندھ امجدجاوید سلیمی کی ذیر صدارت اجلاس میں ٹریفک مینجمنٹ اینڈ ریگولیٹری نظام اور ڈرائیونگ لائسنس نظام کا خصوصی حوالوں سے تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مذید ضروری احکامات دیئے گئے۔اجلاس کو ایڈیشنل آئی جی ٹریفک غلام قادر تھیبو دوران بریفنگ مجموعی ٹریفک اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں اسوقت 7330ٹریفک اہلکار محکمانہ امور میں مصروف عمل۔

ہیں جبکہ ابتک کراچی میں 17 ٹریفک پولیس اہلکار شہید ہوچکے ہیں جس پر آئی جی سندھ نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور اجلاس میں شریک ایڈیشنل آئی جی کراچی سے پولیس کلنگز میں ملوث ملزمان کی گرفتاریوں اور ایسے تمام کیسز کی تفتیش میں ابتک ہونیوالی پیش رفت پر مشتمل تفصیلات طلب کیں۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ نے اجلاس کو پرزور احکامات دیئے کہ پولیس کلنگز اور ایسے تمام کیسز میں ملوث ملزمان کی گرفتاریوں کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے باقاعدہ کاؤنٹر حکمت عملی اور پالیسی گائیڈ لائن ترتیب دیکر پولیس کے تمام اضلاع کو ارسال کی جائے تاکہ کاؤنٹر حکمت عملی اور پالیسی گائیڈ لائن کی روشنی میں پولیس کلنگز جیسے واقعات کا ناصرف سدباب بلکہ ملوث ملزمان کی فوری گرفتاریوں کو بھی یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک اہلکاروں کو ناصرف ریفریشر کورسز کرائے جائیں بلکہ انہیں دوران فرائض حفاظت خوداختیاری اقدامات کے تحت باقاعدہ چھوٹا اسلحہ/ پستول بھی آلاٹ کیئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے لیئے روڈ سیفٹی اور ایجوکیشن کے حوالے سے موٹروے پولیس سے رابطہ کیا جائے اور اس ضمن میں تمام اسکولز کالجز اور جامعات سے باقاعدہ آگاہی مہم کا بھی آغاز کیا جائے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ شہر میں درپیش پارکنگ سڑکوں کی خستہ حالی تجاوزات سیوریج نظام سمیت ٹریفک چالان پر جرمانہ وصولی جیسے ایشوز کے حل کے لیئے متعلقہ اداروں سے رابطوں کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس کے دوران انہوں نے کراچی کے ہر ضلع میں ڈرائیونگ لائسنس برانچ کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے ہدایات دیں کہ اس حوالے سے جملہ امور کا آغاز جلد سے جلد کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء سے قبل ڈرائیونگ ٹیسٹ کے عمل کی ویڈیو ریکارڈنگ کی۔جائے اور ڈی ایل برانچ کی کارکردگی کے تحت جاری ون ونڈو آپریشن کو مفاد عامہ کے تقاضوں کے عین مطابق مذید بہتر اور آسان بنایا جائے۔تاکہ عوام کا پولیس پر اعتماد اور پولیس مورال کو بلند کیا جاسکے۔آئی جی سندھ نے کہا کہ بدعنوانی یا اختیارات سے تجاوز کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا اور مرتکبین کو سخت انضباطی کاروائی کا سامنا کرنا پڑیگااجلاس میں ایڈیشنل آئی جی ٹریفک سندھ غلام قادرتھیبو،ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق احمد مہر،ڈی آئی جیز ٹریفک کراچی و حیدر آباد،ڈی آئی جی ہیڈ کواٹرز سندھ،تمام ضلعی ایس ایس پیز ٹریفک کے علاوہ ایڈمن ،آپریشنز سندھ کے اے آئی جیز اور ڈی ایس پی ڈی ایل برانچ نے بھی شرکت کی۔

#