تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ قوم بننے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے ہمیں پل پل بدلتی دنیا کے نئے رجحانات کے مطابق تحقیق پر مبنی علم و دانش کو فروغ دینا ہوگا، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی

جمعرات 28 جون 2018 19:55

تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ قوم بننے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2018ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ایک تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ قوم بننے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے ہمیں پل پل بدلتی دنیا کے نئے رجحانات کے مطابق تحقیق پر مبنی علم و دانش کو فروغ دینا ہوگا ۔ کیونکہ زندگی کے ہر شعبے کی ترقی اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے وابستہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کے IIویں سینٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں وائس چانسلر وومن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ جبیں ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف لورالائی پروفیسر ڈاکٹر مقصود احمد ، سیکریٹری ہائر ایجو کیشن عبداللہ جان ، پرنسپل سیکریٹری ٹو گورنر سجاد احمد بھٹہ کے علاوہ ، سینٹ ارکان بھی موجود تھے II ویں سینٹ اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ہماری مسلسل جدو جہد اوربھر پور توجہ کے باعث بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کو گزشتہ 5برس کے دوران کافی فروغ ملا ہے تعلیمی امور و معاملات اور درس وتدریس کا عمل پروان چڑھنا شروع ہوا ہے گورنرنے سینٹ ارکان پر زور دیا کہ مذکورہ یونیورسٹی کا سینٹ ممبر بننا نہ صرف آپ سب کے لئے اعزازکا باعث ہے بلکہ یہ احساس ذمہ داران کا نام بھی لہٰذاضرورت اس امرکی ہے کہ آپ اپنے علم و تجربہ کے مطابق تعلیمی معیار کو مزید بلند کرنے کیلئے اپنی مثبت تجاویز و آراء پیش کرنے میں بھر پورکردار ادا کریں گورنر نے ہدایت کی کہ جامعات میں ہونے والی تعیناتیوں اور پروموشن میں میرٹ اور شفافیت کا خصوصی خیال رکھا جائے تاکہ قابل اور مستحق لوگ سامنے آئیں II ویں سینٹ اجلاس میں شرکاء نے مختلف تجاویزاور سفارشات پیش کئے جن کے نتیجے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے اس موقع پر وائس چانسلر وومن یونیورسٹی نے یونیورسٹی کی کارکردگی اور آئندہ کی حکمت عملی سے متعلق آگاہ کیا جس پر تمام شرکاء نے اطمینان کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں گورنر بلوچستان نے وومن یونیورسٹی کے احاطے میں ایجو کیشن ڈیپارٹمنٹ کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا اور مختلف شعبوں کامعائنہ کیا ۔