عارف علوی کا صدر کے پروٹوکول میں مداخلت کرنے پر شہری کے خلاف درج مقدمہ پر رد عمل

پروٹوکول پر احتجاج کرنے والے شہری کے خلاف مقدمہ مضحکہ خیز ہے اور جب عوام کو مشکلات ہوں گی تو ایسا ہی رد عمل کا مظاہرہ کریں گے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 23 ستمبر 2018 16:23

عارف علوی کا صدر کے پروٹوکول میں مداخلت کرنے پر شہری کے خلاف درج مقدمہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 ستمبر 2018ء) : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پروٹوکول کے خلاف احتجاج کرنے والے شہری پر پولیس کی جانب سے دائر مقدمے کو مضحکہ خیر قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق صدر مملکت کے پروٹوکول میں مداخلت کرنے والے شہری کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا،تاہم اب اس پر صدرِ مملکت کا بھی ردعمل سامنے آ گیا ہے۔انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کی جانب سے پروٹوکول پر احتجاج کرنے والے شہری کے خلاف مقدمہ مضحکہ خیز ہے اور جب عوام کو مشکلات ہوں گی تو ایسا ہی رد عمل کا مظاہرہ کریں گے۔

واضح رہے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا پروٹوکول توڑنے، کار سرکار میں مداخلت اور شہریوں کو غلط کام پر اکسانے والے ایک شہری کے خلاف شارع فیصل تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق صدر مملکت عارف علوی کے قافلے کو گزارنے کے لئے گزشتہ رات 9 بجے شارع فیصل پر کار ساز کے قریب ٹریفک بند کی گئی تھی اس دوران نامعلوم شخص روکی گئی ٹریفک میں اپنی گاڑی کھڑی کر کے سب سے آگے نکل آیا اور ٹریفک روکنے والےپولیس اہلکاروں سے الجھ پڑا۔

پولیس کے مطابق مذکورہ شخص خود ویڈیو بھی بنا رہا تھا۔شہری نے پولیس کی جانب سے روکے جانے پر شہریوں کو کہا کہ وہ پولیس کے کہنے پر نہ رکیں، رکاوٹیں توڑ کر ٹریفک کھول دیں اور ملزم کے اکسانے پر کئی موٹر سائیکل سوار رکاوٹیں توڑ کر آگے نکل آئے۔پولیس کے مطابق اس دوران لوگ جمع ہوئے تو وہ مجمع کی آڑ میں فرار ہوگیا جبکہ پولیس وی وی آئی پی موومنٹ کی وجہ سے مزید کارروائی نہیں کرسکی بعد ازاں اعلیٰ حکام کی ہدایت پر شارع فیصل ٹریفک سیکشن کے ایس او سب انسپکٹر محمد سلیم نے نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرادیا ہے۔کار سرکار میں مداخلت اور شہریوں کو کسی غلط کام پر اکسانے والے ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔