Live Updates

شوکت خانم فلائی اوور کا 85فیصد کام مکمل ہے ‘باقی 15دن میں ختم کر لیا جائے گا‘

جلد ہی بجٹ پا س کر کے فنڈز مہیا کر دیئے جائینگے‘محمود الرشید شہر کی ترقیاتی ترجیحات کا از سر نو تعین کیا جائے گا‘ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار 5دسمبر سے قبل شوکت خانم فلائی اوورکا افتتاح کریں گے‘صوبائی وزیر ہائوسنگ

ہفتہ 17 نومبر 2018 17:12

شوکت خانم فلائی اوور کا 85فیصد کام مکمل ہے ‘باقی 15دن میں ختم کر لیا جائے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2018ء) صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمود الرشید نے ہدایت کی ہے کہ شوکت خانم فلائی اوور کا باقی ماندہ کام ہر لحاظ سے 15دن میں مکمل کر لیا جائے۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار 5دسمبر سے قبل اس کا افتتاح کریں گے ۔ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کے ارکان نامزد کئے جا چکے ہیں ‘جلد ہی اجلاس بلاکر بجٹ پاس کر دیا جائے گا اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے فنڈز جار ی کر دیئے جائیں گے۔

وہ گزشتہ روز شوکت خانم فلائی اوور کے معائنے کے دوران میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر وائس چیئر مین ایل ڈی اے شیخ محمد عمران اور گورننگ باڈی کے دیگر ارکان عامر قریشی اور حاجی فیاض بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے پراجیکٹ ڈائریکٹر اقرار حسین نے انہیں بتایا کہ یہ منصوبہ94کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جا رہا ہے اور اس کا 85فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ صرف50فیصدکام کی ادائیگیاں کی جا سکی ہیں۔

(جاری ہے)

بجٹ کی منظوری کے بعدجلد ہی باقی ادائیگی بھی کر دی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ فلائی اوور پر کیٹ آئی اور سٹریٹ لائٹس لگانے کا کام باقی ہے جبکہ اس کے نیچے سے گزرنے والی سڑک پر اسفالٹ بچھائی جائے گی ۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ شہر کی ترقیاتی ترجیحات کا از سر نو تعین کیاجائے گا اور انہیں شہریوں کی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شیخ محمد عمران وزیر اعلیٰ پنجاب کے نائب کی حیثیت سے ایل ڈی اے کے وائس چیئرمین کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

وائس چیئر مین ایل ڈی اے شیخ محمد عمران نے اس موقع پر بتایا کہ ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کا اجلاس جلد ہی وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت منعقد ہوگا جس میں نئے مالی سال کا بجٹ منظور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتے بلکہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق شہریوں کے مسائل حل کر یں گے ۔ بجٹ پاس کرنے کے بعد زیر تعمیر منصوبوں کو تیزی سے مکمل کریں گے اور قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے میں انصاف ڈیسک قائم کیا جائے گا جہاں لوگوں کی شکایات وصول کر کے انہیں ترجیحی بنیادوں پر دور کیاجائے گا۔
عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات