منظور پشتین پر بلوچستان میں داخلے پر پابندی عائد

پشتون تحفظ موومنٹ کے بانی کے باعث بلوچستان کا امن و امان خراب ہونے کا خدشہ، صوبے میں 90 روز کیلئے داخلے پر پابندی عائد

muhammad ali محمد علی پیر 10 دسمبر 2018 20:00

منظور پشتین پر بلوچستان میں داخلے پر پابندی عائد
کوئٹہ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 دسمبر 2018ء) منظور پشتین پر بلوچستان میں داخلے پر پابندی عائد، پشتون تحفظ موومنٹ کے بانی کے باعث بلوچستان کا امن و امان خراب ہونے کا خدشہ، صوبے میں 90 روز کیلئے داخلے پر پابندی عائد۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ کچھ عرصے سے پاکستان کے اداروں کیخلاف مسلسل ہرزہ سرائی میں مصروف نام نہاد پشتون تحفظ موومنٹ کے بانی منظور پشتین کیخلاف ایکشن لے لیا گیا ہے۔

پشتون تحفظ موومنٹ کے بانی منظور پشتین کے باعث بلوچستان کا امن و امان خراب ہونے کا خدشہ ہے، اسی باعث بلوچستان حکومت نے صوبے میں ان کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔ اس حوالے سے بلوچستان کے محکمہ داخلہ نے باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔ بلوچستان کے محکمہ داخلہ نے پشتون تحفظ موومنٹ کے بانی منظور پشتین کیخلاف بلوچستان میں داخلے پر 90 روز کیلئے پابندی عائد کر دی ہے۔

(جاری ہے)

پشتون تحفظ موومنٹ کے بانی منظور پشتین کو پیر کے روز ایک فلائٹ کے ذریعے کراچی سے کوئٹہ پہنچنا تھا۔ تاہم بلوچستان حکومت کی جانب سے عائد کی گئی پابندی کے بعد منظور پشتین کو کراچی ائیرپورٹ سے کوئٹہ کیلئے روانہ ہونے والی پرواز میں سوار ہونے سے روک دیا گیا۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے پاک فوج اور ریاست پاکستان کیخلاف مسلسل ہرزہ سرائی کرنے پر منظور پشتین کو وارننگ دی تھی کہ وہ حد کو کراس نہ کریں۔